پٹرول وڈیزل کی اضافی قیمتوں کے خلاف کانگریس کا ریاست گیر احتجاج

   

اتم کمار ریڈی نے شمس آباد میں دھرنا دیا، صدر جمہوریہ کے نام یادداشت حوالے

حیدرآباد۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے شمس آباد تحصیلدار آفس کے روبرو کانگریس قائدین کے ہمراہ دھرنا منظم کرتے ہوئے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف احتجاج کیا۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی اپیل پر پارٹی نے ریاست کے تمام اضلاع میں احتجاج منظم کرتے ہوئے سرکاری عہدیداروں کو یادداشت پیش کی۔ تلنگانہ میں اتم کمار ریڈی نے شمس آباد تحصیلدار آفس کے روبرو دھرنا کی قیادت کی ۔ ان کے ہمراہ سابق رکن پارلیمنٹ کونڈا ویشویشور ریڈی، صدر ضلع کانگریس نرسمہا ریڈی اور مقامی قائدین موجود تھے۔ اتم کمار ریڈی نے صدر جمہوریہ رامناتھ کووند کے نام میمورنڈم متعلقہ تحصیلدار کے حوالے کیا جس میں الزام عائد کیا گیا کہ بی جے پی کی مرکزی حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کرتے ہوئے عوام پر بوجھ عائد کیا ہے۔ یادداشت میں اضافی قیمتوں سے دستبرداری کا مطالبہ کیا گیا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ 2014 میں بی جے پی برسراقتدار آنے کے بعد پٹرول اور ڈیزل پر ٹیکس میں بھاری اضافہ کیا گیا جس کا اثر عوام پر پڑا ہے اور مہنگائی عروج پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاون کے نتیجہ میں لاکھوں افراد روزگار سے محروم ہوگئے اور ایسے میں مرکز نے غیر انسانی رویہ اختیار کرتے ہوئے مزید بوجھ عائد کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ برسوں میں مرکزی حکومت نے پٹرول و ڈیزل پر 18 لاکھ کروڑ کا ٹیکس بڑھادیا ہے۔ گزشتہ 20 دنوں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہر دن اضافہ کیا گیا اور 8 روپئے تک اضافہ کیا گیا ہے۔ کانگریس دور حکومت میں خام تیل کی قیمت 120 ڈالر فی بیارل تھی اس کے باوجود پٹرول و ڈیزل کی قیمتیں کنٹرول میں تھیں۔ بی جے پی دور حکومت میں خام تیل کی قیمت فی بیارل گھٹ کر 39 ڈالر ہوچکی ہے اس کے باوجود قیمتوں میں مسلسل اضافہ مضحکہ خیز ہے۔ انہوں نے قیمتوں میں اضافہ سے فوری دستبرداری کا مطالبہ کیا۔ پارٹی کی جانب تمام اضلاع میں احتجاج منظم کرتے ہوئے عہدیداروں کو یادداشت پیش کی گئی ہے۔