پٹن چیرو میں مسلم میوہ فروشوں پر اشرار کا حملہ ‘ زبردستی شراب پلائی گئی

,

   

ایک نوجوان شدید زخمی ۔ اشرار کے خلاف پولیس میںشکایت درج ۔ مقدمات درج کرلئے گئے
حیدرآباد 4 اپریل ( سیاست نیوز ) شہر کے قریب سنگاریڈی ضلع میں دائیں بازو کی ہندو انتہاء پسند تنظیم کے ارکان کی جانب سے تین مسلم میوہ فروشوں کو مارپیٹ کا واقعہ پیش آیا جس میں ایک مسلم تاجر شدید زخمی ہوگیا ۔ تاہم سنگا ریڈی پولیس نے اس واقعہ میں کسی فرقہ وارانہ پہلو کی تردید کی ہے ۔ تفصیلات کے بموجب مضافاتی علاقہ پٹن چیرو کے اسنار پور میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں اشرار نے میوہ جات کی قیمت میں کمی سے انکار پر مسلم میوہ فروشوں کو نہ صرف مار پیٹ کی بلکہ ان کو زبردستی شراب پینے پر مجبور بھی کیا ۔ پٹن چیرو کے ڈی ایس پی بھیم ریڈی نے بتایا کہ اس واقعہ کا فرقہ وارانہ منافرت سے کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ صرف میوہ کی قیمت میں کمی سے انکار پر یہ واقعہ پیش آیا ہے ۔ مسلم میوہ فروشوں نے اس واقعہ کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی ہے ۔ پولیس کے بموجب ان مشتبہ افراد کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے بموجب پٹن چیرو کے اسناپور میںشیخ عبید ‘ شیخ حسین اور شیخ یوسف مقامی بازار میںمیوہ فروخت کرتے ہیں۔ آج بعض اشرار وہاںپہونچے اور انہوں نے کم قیمت پر پھل دینے کا مطالبہ کیا ۔ ایسا نہ کرنے پر انہوں نے ان نوجوانوں پر حملہ کردیا ۔ حملہ کے بعد 30 تا 40 اشرار پرمشتمل ٹولی نے ایک نوجوان کو قریب میں واقع کمپاونڈ میں لے جا کر بند کردیا ۔ زد و کوبی کے بعد اس کے منہ میں زبردستی شراب انڈیل دی ۔ نہ صرف منہ میں شراب ڈالی بلکہ سارے جسم پر بھی شراب ڈالی اور اسے جبری طور پر شراب پینے کیلئے دباو ڈالا ۔ مارپیٹ میں چاروں نوجوان زخمی ہوگئے ۔ پولیس مقدمہ درج کرکے تحقیقات کر رہی ہے ۔