پٹن چیرو میں کانگریس قائدین کا اجلاس، اتحاد کا مظاہرہ

   


مانکیم ٹیگور اور سینئر قائدین کی شرکت، منوگوڑ میں کانگریس کی کامیابی کیلئے مشترکہ مساعی کا عہد
حیدرآباد۔/13 ستمبر، ( سیاست نیوز) منوگوڑ اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں کانگریس کی جانب سے متحدہ مقابلہ کیلئے پارٹی قائدین نے آج اتحاد کا مظاہرہ کیا اور پٹن چیرو میں منعقدہ جلسہ عام میں کانگریس امیدوار شراونتی کی کامیابی کیلئے جدوجہد کا عہد کیا۔ جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ مانکیم ٹیگور نے منوگوڑ اسمبلی حلقہ کے تحت پٹن چیرو میں قائدین اور کارکنوں کے اجلاس کا اہتمام کیا تھا۔ اجلاس میں سکریٹری اے آئی سی سی بوس راج، صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی، رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی، محمد علی شبیر، سمپت کمار، ڈاکٹر جے گیتا ریڈی، مہیش کمار گوڑ، انجن کمار یادو اور مختلف منڈلوں کے انچارجس نے شرکت کی۔ مانکیم ٹیگور نے پارٹی قائدین اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ ٹی آر ایس اور بی جے پی کی سازشوں کا متحدہ طور پر مقابلہ کریں۔ نلگنڈہ ضلع روایتی طور پر کانگریس کا گڑھ مانا جاتا ہے ایسے میں منوگوڑ کے ضمنی چناؤ میں کانگریس کی کامیابی یقینی ہے۔ اس موقع پر ٹی آر ایس سے تعلق رکھنے والے کئی قائدین اور کارکنوں نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ ریونت ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منوگوڑ میں بی جے پی کی جانب سے انحراف کے ذریعہ کامیابی کی کوششوں کو ناکام بنایا جائے گا اور کانگریس سے دھوکہ دہی کرنے والے راجگوپال ریڈی کی شکست یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ آٹھ برسوں میں مرکز اور ریاستی حکومتوں نے عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی میں کانگریس پارٹی کا اہم رول ہے۔ کانگریس نے تلنگانہ ریاست تشکیل دی لیکن ٹی آر ایس اس کا سہرا اپنے سر لے رہی ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ بی جے پی کو ملک میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے ٹی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان خفیہ مفاہمت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کو کمزور کرنے کیلئے دونوں پارٹیاں ڈرامہ بازی کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منوگوڑ میں کانگریس کی کامیابی دراصل عوام کی کامیابی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں پارٹیوں کو انحراف پر بھروسہ ہے جبکہ کانگریس عوامی طاقت پر یقین رکھتی ہے۔ر