پڈوچیری : کانگریس حکومت اقلیت میں آگئی

   

ایک اور لیجسلیٹر مستعفی، راہول کے دورہ سے ایک روز قبل بڑی تبدیلی
پڈوچیری: مرکز کے زیر انتظام علاقہ پڈوچیری میں کامراج نگر سے رکن اسمبلی جان کمار کے آج مستعفی ہوجانے کے بعد وی نارائن سامی کی زیرقیادت کانگریس حکومت اقلیت میں آ گئی ہے اور چیف منسٹر کے پاس اب استعفیٰ دینے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے ۔ سابق صدر کانگریس راہول گاندھی کے دورۂ پڈوچیری سے ایک روز قبل یہ بڑی منفی سیاسی تبدیلی ہوئی ہے۔ گزشتہ روز یانم سے رکن اسمبلی اور سابق وزیر ملّاڈی کرشنا راؤ نے اپنا استعفیٰ دے دیا تھا۔ جان کمار نے اسمبلی کے اسپیکر وی شیواکولُنتو کو آج اپنا استعفیٰ نامہ سونپ دیا۔ بعد ازاں اسپیکر نے بتایا کہ کمار کا استعفیٰ منظور کرلیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قبل ازیں کرشنا راؤ نے ای میل کے ذریعے اپنا استعفیٰ ارسال کر دیا تھا ۔ ذرائع کے مطابق کرشنا کمار بی جے پی میں شامل ہوسکتے ہیں۔ اس درمیان ڈی ایم کے (ایسٹ) اور اراکین اسمبلی پارٹی کے لیڈر انبجھگن نے نارائن سامی سے ان کی حکومت کے اقلیت میں ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے ۔