پڑوسیوں کے ساتھ حسن سلوک کرنے کی تلقین

   

ظہیرآباد میں جلسہ فیضان اولیاء ، مولانا عبدالحمید رحمانی اور دیگر کا خطاب

ظہیرآباد۔/7 اکٹوبر،( ذریعہ میل ) عرس حضرت شیخ شہاب الدین ترکی چشتی ؒ شیخا پور میں جلسہ فیضان اولیاء ؒ سے مولانا محمد عبدالحمید رحمانی چشتی صدر کل ہند تنظیم اصلاح معاشرہ نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اولیاء کی قربانیوں کی وجہ سے آج ہمیں قرآن ، ایمان اور اسلام کی دولت ملی ہے۔ دور حاضر کے مسلمان اولیاء کاملین کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اپنے عزیز و اقارب ، ہمسایہ سے صلہ رحمی ، بہترین سلوک کرتے ہوئے ان سے محبت کریں۔ میلادالنبی صلی اللہ علیہ سلم کی عظمت بیان کرتے ہوئے کہا کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے پڑوسیوں کے ساتھ بہترین سلوک کرتے ہوئے یہاں تک کہ جس کسی کا پڑوسی ناراض ہے وہ ہرگز ہم میں سے نہیں ہوسکتا۔ پڑوسیوں سے تعلقات بہتر ہونا چاہیئے مسلم ہو یا غیر مسلم ۔ نوجوانوں کو چاہیئے کہ وہ نشہ، تمباکو سے پرہیز کریں اور ازدواجی زندگی کو بہتر کرنے کی طرف توجہ دیں۔ اپنے ماں باپ کا ادب کریں، یقنا دنیا فانی ہے، اخروی زندگی کی فکر کرنے کی تلقین کی ۔ مولانا محمد یوسف صوفی قادری نے کہا کہ اولیاء کی صحبت میں جو رہتے ہیں ان کے اندر تقویٰ و پرہیز گاری حاصل ہوتی ہے۔ اسی لئے کلام ربانی میں فرمایا گیا کہ صالحین کی صحبت اختیار کرو ۔ مسلمان نماز کے ساتھ ساتھ برادران وطن کو اپنی تقاریب میں مدعو کریں تاکہ وہ اسلامی تعلیمات سے متاثر ہوسکیں۔ جھوٹ، غیبت سے بچنے کی تلقن کی اور معاشرہ میں ایک اچھے مسلمان ہوکر سچائی پر عمل کرتے ہوئے دوسروں کو برائی سے روکنے کی خواہش کی۔ صدر عرس کمیٹی جناب محمد چشم الدین اور جناب خضر یافعی کی نگرانی میں انتظامات کئے گئے۔ جناب وائی نروتم چیرمین ایس سی کمیشن اور جناب چندرا شیکھر سابق وزیر، جناب محمد یوسف صدر مسلم ایکشن کمیٹی ظہیرآباد جناب خواجہ میاں سابق وائس چیرمین ظہیرآباد، جناب عظمت پاشاہ وائس چیرمین میونسپل ظہیرآباد، حلقہ لوک سبھا ظہیرآباد کا ایک عظیم الشان عرس میں شرکت کرنے کیلئے ممبئی ، حیدرآباد اور دیگر ریاستوں سے کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔درگاہ کے قریب کا میدان تنگ دامنی کا شکوہ کررہا تھا۔ مولانا حافظ محمد علی قادری صدر ائمہ موذنین ، شاہ خلیفہ محمد ادریس احمد قادری ، علماء و مشائخین کی کثیر تعداد موجود تھی۔