خواتین نے سڑکو ں پر چپاتیاں اور چائے بنائی ، اچھے دن لانے میں مودی حکومت ناکام ، کانگریس کا الزام
گلبرگہ : کرناٹک وومینس کانگریس ونگ کی صدرمحترمہ پشپا امرناتھ اور رکن اسمبلی گلبرگہ محترمہ کنیز فاطمہ کی قیادت میں جمعہ کے دن جگت سرکل گلبرگہ پر پکوان گیاس کی قیمتوں میں وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر قیادت مرکزی حکومت کی جانب سے اضافہ کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔احتجاجیوں نے حکومت کے خلاف اپنی ناراضگی کا اظہارر کرنے کے لئے اپنے احتجاج کے دوران سڑک پر چپاتیاںاور چائے بنائی ۔ پشا امرناتھ نے کہا کہ مرکزی حکومت کی مخالف عوام پالیسیوںکے خلاف ایک مسلسل احتجاج شروع کردیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ سابقہ من موہن سنگھ کی یو پی اے حکومت کے دوران اشیاء ضروریہ کی قیمتوںپر قابو رکھا گیا تھا ۔ لیکن اب وزیر اعظم مودی جنھوںنے عوام کے لئے اچھے دنوں کا وعدہ کیا تھا ، ان کے دور حکومت میں پکوان گیاس کی قیمتوں میںفی سیلینڈر 100روپیوںکے اضافہ کے سبب خواتین آنسو بہا رہی ہیں ۔انھوں نے کہا کہ سابق میں گیاس سیلینڈرس کی قیمتوں میں ایک ساتھ اتنا زیادہ اضافہ نہیںکیا گیا تھا ۔ اس معاملہ میں اگرچیکہ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوںمیں گراوٹ ہوئی ہے لیکن یہاں ہمارے ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے ۔ ایل پی جی سیلینڈر استعمال کرنے والوںکو جو سبسیڈی دی جارہی تھی وہ بھی صارفین کومطلع کئے بغیر روک دی گئی ہے۔ کیا یہی اچھے دن ہیں ؟محترمہ پشا امرناتھ نے سوال کیا ۔ رکن اسمبلی گلبرگہ محترمہ کنیز فاطمہ نے کہا کہ اشیاء ضروری کی قیمتوںمیں غیرمعمولی اضافہ کو روکنے میں اور کروناکو روکنے میںحکومت ناکام ہوگئی ہے اس لئے آج خواتین کو سڑکوں پر آنا پڑا ہے۔ وزیر اعظم مودی کو چاہئے کہ کم از کم ان لوگوںکی خاطر جنھوں نے ان کی تائید کی تھی اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں فوری کمی کریں۔ ضلعی کانگریس وومینس ونگ کی صدر محترمہ چندریکا پرمیشور ا، مہیشوری والی ، گیتا مدگل، سنگیتا پاٹل ، جئے شری چنتا پلی ، اور حمیدی بیگم وغیرہ اس احتجاج میں شریک تھیں۔
