پکوان گیس سربراہی میں کمی کے اعلان پر احتجاج

   

بودھن میں مرکزی حکومت کا علامتی پتلہ نذر آتش ، خواتین کی شدید برہمی

بودھن /12 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سال میں صرف تین پکوان گیس سلنڈرس موجود قیمت پر سپلائی کرنے اور اگر تین سے زائد سلنڈرس کے ضرورت مند خاندانوں کو فی سلنڈر زائد پانچ سو روپئے ادا کرنے کا مرکزی وزیر فینانس نرملا ستارامن کی جانے سے اعلان کرنے پر یہاں بودھن میں کمیونسٹ پارٹی کی ملحقہ خواتین تنظیم پی او ڈبلیو میں شامل خواتین کی کثیر تعداد نے مرکزی حکومت کا علامتی پتلہ نذر آتش کیا ۔ اس موقع پر صدر پی او ڈبلیو بی گنگامنی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سال 2014سے قبل بی جے پی برسر اقتدار آنے سے قبل ملک کی عوام سے وعدہ کیا تھا کہ وہ اقتدار سنبھالتے ہی گیس سلنڈر کی قیمت میں کمی کردیں گے ۔ گنگامنی نے کہا بی جے پی سرکار اقتدار سنبھالتے ہی اپنے وعدے کے برعکس نہ صرف گیس سلنڈر میں مسلسل اضافہ کرتے جارہے ہیں بلکہ پٹرول اور ڈیزل اور خوردنوش کی اشیاء کی قیمتوں میں بھی بے تحاشہ اضافہ کیا گیا ۔ صدر پی او ڈبلیو نے مرکزی حکومت کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر سبسیڈی گیس سلنڈرس کی سربراہی میں کمی کی گئی تو پھر نہ صرف بودھن بلکہ ضلع نظام آباد کی خواتین کی جانب سے احتجاج منظم کیا جائے گا ۔ گنگامنی نے مرکزی وزیر فینانس سبسیڈی گیس سلنڈر کی سربراہی پر پابندی عائد کرنے کے اپنے اعلان کو فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا ۔ اس احتجاج میں ضلع صدر PDW بی پاشاہ بیگم ، بی رادھا بائی ، ایرامن لکشمی ، سجاتا ، سوریہ ، کلا گنگامنی ، تبسم بیگم و دیگر خواتین نے بھی احتجاج میں حصہ لیا ۔