’’پھٹی جینس‘‘ پر بی جے پی چیف منسٹر کے ریمارک پر تنازعہ

   

اپوزیشن پارٹیوں کا احتجاج، چیف منسٹر اتراکھنڈ کو اپنی سوچ بدلنے کی ضرورت

نئی دہلی : چیف منسٹر اتراکھنڈ تیرتھ سنگھ راوت نے نوجوانوں کی پھٹی جینس پہننے کے سلسلہ میں بیان دیا تھا جس پر اپوزیشن پارٹیوں نے شدید ردعمل ظاہر کیا اور ان سے مطالبہ کیاکہ وہ خواتین سے معافی مانگیں۔ چیف منسٹر تیرتھ راوت کے بیان پر ترنمول کانگریس کی لیڈر اور لوک سبھا رکن مہوا موترا نے ایک ٹوئٹ کے ذریعہ راوت پر تنقید کی اور لکھا ’’کیا آپ اتراکھنڈ کے چیف منسٹر ایم این جی او چلاتے ہیں اور گھٹنے پھٹے نظر آتے ہیں؟ چیف منسٹر صاحب آپ ریاست چلاتے ہیں اور دماغ پھٹے نظر آتے ہیں۔ شیوسینا رکن اسمبلی پرینکا چودھری نے بھی لکھا ہے کہ ملک کی ثقافت اور تہذیب پر ان آدمیوں سے فرق پڑتا ہے جو خواتین اور ان کے لباس کو جج کرتے ہیں۔ سوچ بدلو چیف منسٹر جی تبھی ملک بدلے گا۔ چیف منسٹر اتراکھنڈ نے منگل کے دن ایک پروگرام کے دوران کہا تھا کہ نوجوانوں نے عجیب و غریب فیشن کرنا شروع کردیا ہے اور گھٹنوں پر پھٹی جینس پہن کر خود کو بڑے باپ کا بیٹا سمجھتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ لڑکیاں بھی اسی طرح کے فیشن میں آگے ہیں۔ آج کل لڑکیاں گھٹنوں پر سے پھٹی ہوئی جینس خریدنے بازار جاتے ہیں اور اگر پھٹی جینس نہ ملے تو قینچی سے اسے کاٹ لیتے ہیں۔ ان کے بیان پر ہر گوشے سے تنقیدیں ہورہی ہیں۔ سوپر اسٹار امیتابھ بچن کی نواسی نویا نویلی نندا نے بھی ناراضگی ظاہر کی اور انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھاکہ چیف منسٹر کو ہمارے کپڑوں کو بدلنے سے پہلے اپنی سوچ بدلنا ہوگا۔ اتراکھنڈ کانگریس ترجمان گریما اسوتی نے کہاکہ چیف منسٹر جیسے باوقار عہدہ پر فائز شخص کو کسی پہناوے پر ایسے تبصرے کرنا بالکل بھی زیب نہیں دیتا۔ راوت نے ایک غیر مہذب اور گندہ تبصرہ کیا ہے۔