پہاڑی شریف میں آئی ٹی پارک اور میڑچل میں قبرستانوں کیلئے 125 ایکر اراضی

   

سرکاری اداروں میں مسلمانوں کو عنقریب نمائندگی، اسکالر شپ اور دیگر اسکیمات کیلئے بجٹ: کے سی آر
حیدرآباد۔/6 اگسٹ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے پہاڑی شریف میں 50 ایکر اراضی پر آئی ٹی پارک ( ٹاور ) کے قیام کا اعلان کیا اور کہا کہ اس سے پرانے شہر کے نوجوانوں کیلئے روزگار دستیاب ہوں گے۔ اسمبلی میں مباحث کا جواب دیتے ہوئے چیف منسٹر نے ملکاجگیری میڑچل میں مختلف مسالک کے قبرستانوں کیلئے 125 ایکر اراضی کا اعلان کیا۔ انہوں نے وزراء ہریش راؤ، کے ٹی آر، محمود علی اور کے ایشور پر مشتمل کمیٹی کا اعلان کیا جو اراضی الاٹمنٹ انجام دے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ چیف سکریٹری اور محکمہ مال کے عہدیدار اس کام میں تعاون کریں گے۔ چیف منسٹر نے اقلیتی طلبہ کے اسکالر شپ اور دیگر اسکیمات کے بجٹ کی اجرائی کیلئے وزیر فینانس ہریش راؤ کے ساتھ آئندہ دو دنوں میں اجلاس کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم عوامی نمائندوں سے مشورہ کرکے بجٹ کی اجرائی کی جائے۔ انہوں نے پبلک سرویس کمیشن، انفارمیشن کمشنر اور دیگر سرکاری اداروں میں مسلمانوں کی نمائندگی کا تیقن دیا اور کہا کہ وزراء کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے ناموں کو قطعیت دی جائے جس کے بعد احکام جاری کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے اقدامات کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ بی سی بندھو اسکیم کی طرح زیادہ سے زیادہ مسلمانوں کو ایک لاکھ روپئے کی مالی امداد فراہم کی جائیگی جو بینک سے لنک کے بغیر مکمل صد فیصد سبسیڈی امداد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ روپئے کی مدد کے نشانہ میں اضافہ کرکے زیادہ اقلیتوں کو امداد دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے گذشتہ 60 برسوں میں مسلمانوں کو ووٹ بینک کے طور پر استعمال کیا۔ کانگریس مسلمانوں کی ترقی پر کبھی سنجیدہ نہیں رہی۔ تلنگانہ کی تشکیل سے قبل 10 برسوں تک کانگریس نے اقلیتی بہبود پر 925 کروڑ خرچ کئے جبکہ بی آر ایس حکومت نے دس برس میں 12094 کروڑ روپئے خرچ کئے ہیں۔