پہلوانوں کو انصاف دلانے تک جدوجہد ‘ کسانوں کا اعلان

,

   

نئی دہلی : کسان لیڈر راکیش ٹکیت نے آج اعلان کیا کہ پہلوانوں کے احتجاج کے مسئلہ پر قطعی فیصلہ کل ہریانہ میں کیا جائیگا ۔ ہریانہ کے کسان اور کھاپ پنچایتیں پہلوانوں کی تائید کر رہی ہیں اور اس پر مزید کیا کچھ کیا جانا چاہئے اس پر غور کیا جائیگا ۔ مسٹر ٹکیت نے پہلوانوں کو اس بات کیلئے راضی کرلیا تھا کہ وہ اپنے میڈلس گنگا ندی میں نہ بہائیں۔ انہوں نے یہ واضح کردیا کہ اس جدوجہد میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ضرورت پڑنے پر صدر جمہوریہ ہند تک جائیں گے ۔ کسان ‘ پہلوانوں کے ساتھ ہیں۔ انہیں پریشان نہیں ہونا چاہئے ۔ انہوں نے مظفرنگر میں آج ایک بڑے اجلاس ’ مہا پنچایت ‘ کے بعد یہ بات کہی ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پہلوانوں سے کہا کہ وہ اپنے میڈلس گنگا میں نہ بہائیں بلکہ انہیں ہراج کریں۔ ساری دنیا آگے آئے گی اور آپ سے ہراج روکنے کو کہے گی ۔ اس سوال پر کہ کسان اور کھاپ کیوں پہلوانوں کی تائید کر رہے ہیں مسٹر ٹکیت نے کہا کہ اگر خاندان بڑا ہوگا تو اچھا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو سمجھنا چاہئے کہ مرکزی حکومت کیا کر رہی ہے ۔ اس نے بہار میں لالو یادو کے خاندان کو توڑ دیا ہے ۔ آپ دیکھیں کہ ملائم سنگھ یادو کے خاندان کے ساتھ کیا ہو رہا ہے ۔ یہی صورتحال راجستھان میں بھی ہو رہی ہے ۔ ٹکیت نے کہا کہ کسانوں کو انصاف دلانے تک جدوجہد جاری رہے گی ۔ پہلوانوں نے پیر کو ہردوار جانے اور اپنے میڈلس گنگا ندی میں بہا دینے کا ارادہ ظاہر کیا تھا تاہم مسٹر ٹکیت کی مداخلت کے بعد وہ رک گئے تھے ۔ پہلوان جنوری سے احتجاج کر رہے ہیں اور ان کا مطالبہ ہے کہ ریسلنگ فیڈریشن کے صدر و بی جے پی رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف کارروائی کی جائے کیونکہ ان پر سات اتھیلیٹس کو جنسی ہراساں کرنے کا الزام ہے ۔