نئی دہلی، 21 مئی (یو این آئی) کانگریس نے پہلگام دہشت گردانہ حملے کو سیکورٹی کی خامی قرار دیتے ہوئے اسے انٹیلی جنس نظام کی بڑی ناکامی قرار دیا اور کہا کہ اس کے لئے وزیر داخلہ امیت شاہ پوری طرح سے ذمہ دار ہیں۔کانگریس کے سابق فوجی محکمہ کے چیئرمین کرنل روہت چودھری اور ونگ کمانڈر (ریٹائرڈ) انوما آچاریہ نے آج یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ دہشت گردانہ حملہ مکمل طور پر انٹیلی جنس کی ناکامی اور سیکورٹی کی خرابی تھی اور شاہ کو اس کی ذمہ داری قبول کرنی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ پہلگام حملے کے مقام پر نہ تو کوئی سیکورٹی چوکی اور نہ ہی کوئی سیکورٹی اہلکار موجود تھا جبکہ امیت شاہ نے حملے سے چند دن پہلے سیکورٹی کا جائزہ لیا تھا اور کہا تھا کہ سب کچھ ٹھیک ہے ۔ یہ بات بھی اہم ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا 17 اپریل کو ہونے والا دورہ سیکورٹی وجوہات کی بنا پر منسوخ کر دیا گیا تھا۔ اس کا مطلب ہے کہ کچھ انٹیلی جنس معلومات ملی تھیں۔ اگر مودی حکومت کو یہ اطلاع ملی تھی تو احتیاطی اقدامات کیوں نہیں کیے گئے ؟
انہوں نے کہا کہ امیت شاہ کو انٹیلی جنس اور سیکورٹی کی ناکامی کی ذمہ داری قبول کرنی چاہئے ، کیونکہ سیکورٹی اور انٹیلی جنس نظام براہ راست مرکزی وزارت داخلہ کے تحت آتا ہے