نئی دہلی، 8 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت نے گزشتہ سو دن میں حقائق کو نظر انداز کیا ہے اور گھمنڈی و امتیازی سلوک کی سیاست کرتے ہوئے صرف انتقامی جذبے سے کام کیا ہے ۔کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر کپل سبل نے اتوار کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس میں الزام لگایا کہ بی جے پی کو حکومت چلانا نہیں آتا ہے ۔ مکمل اکثریت ملنے کے باوجود وہ ملک کے عوام کے مفاد میں کوئی ٹھوس کام نہیں کر پا رہی ہے ۔ صرف انتقامی جذبہ سے کام ہو رہا ہے اور گھمنڈی و امتیازی سلوک کی سیاست کی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ امید یہ تھی کہ مکمل اکثریت والی حکومت 100 دنوں میں ٹھوس اقدامات کرنے کا کام کرے گی جس سے عام آدمی کی زندگی میں اس کوراحت مل سکے لیکن حکومت نے اس کے ٹھیک برعکس کام کیا ہے ۔ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک کے عام آدمی کی مشکلیں مسلسل بڑھ رہی ہیں لیکن‘گودی میڈیا’ گود میں بیٹھ کر حکومت کی کوتاہیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ خواتین پرمظالم بڑھ رھے ہیں اور چھوٹے کاروباری اور تاجر حکومت کی پالیسی سے پریشانی سے دوچار ہیں لیکن ان کوراحت نہیں دی جا رہی ہے ۔مسٹر سبل نے طنزکرتے ہوئے کہا کہ اس حکومت کی پہلے سو دن کی بڑی کامیابی یہ ہے کہ اس نے سیاسی مخالفین کے ساتھ انتقامی جذبے سے کام کیا ہے ۔ ای ڈی، محکمہ انکم ٹیکس اور مرکزی تفتیشی بیورو جیسے اداروں کا جم کر غلط استعمال ہوا ہے ۔
حکومت نے ثبوت ہونے کے باوجود اپنے لوگوں کو بچایا ہے اور جہاں ثبوت نہیں تھے ان اپوزیشن پارٹیوں کے رہنماؤں کے خلاف کارروائی کی ہے ۔انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ جن مسٹر رمیش پوکھریال نشنک پر بدعنوانی کے الزامات ہیں اور ان کے خلاف ثبوت بھی ہیں انہیں سزا دینے کی بجائے کس بنیاد پر وزیر بنایا گیا اور انہیں حکومت کیوں بچا رہی ہے ۔ بابل سپریو کے خلاف کیوں کارروائی نہیں کی جا رہی ہے ۔ مسٹر یدیورپا کے خلاف ثبوت ہیں لیکن ان کے خلاف کارروائی نہیں کی جاتی ہے ۔ اپوزیشن کے لیڈروں کے خلاف بغیر ثبوت کے کارروائی ہو رہی ہے ۔کانگریس قائد پرینکا گاندھی وڈرا نے آج کہا کہ مودی حکومت معیشت کو تباہ کرنے کے بعد خاموش ہوگئی ہے ۔