پہلے مرحلے کے انتخابات کا نوٹیفکیشن جاری

   

لکھنؤ : الیکشن کمیشن نے جمعہ کے روز اتر پردیش میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 11 اضلاع کی 58 سیٹوں پر ووٹنگ کے لئے نوٹیفکیشن جاری کیا۔کمیشن کی جانب سے عوامی نمائندگی قانون کے تحت نوٹیفکیشن جاری کئے جانے کے ساتھ ہی امیدواروں کی جانب سے نامزدگی کا عمل شروع ہوگیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی 21 جنوری تک داخل کیے جاسکتے ہیں۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ 24 جنوری کو ہوگی۔کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 27 جنوری مقرر کی گئی ہے ۔ جبکہ ووٹنگ 10 فروری کو ہوگی۔ کورونا بحران کے پیش نظر اس بار ووٹنگ کے وقت میں ایک گھنٹے کا اضافہ کیاگیا ہے ۔ اس کے تحت صبح 7:00 بجے سے شام 6:00 بجے تک ووٹنگ ہوگی۔پہلے مرحلے میں مغربی اتر پردیش کے شاملی، میرٹھ، مظفر نگر، باغپت، ہاپوڑ، غازی آباد، بلند شہر، متھرا، آگرہ، علی گڑھ اور گوتم بدھ نگر اضلاع کی 58 اسمبلی سیٹوں پر پولنگ ہوگی۔