غریب اور متوسط طبقات پر بوجھ، صدر میناریٹی ڈپارٹمنٹ سمیر ولی اللہ کا احتجاج
حیدرآباد۔ 11 ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی میناریٹی ڈپارٹمنٹ سمیر ولی اللہ نے اشیائے ضروریہ بالخصوص ترکاری اور پیاز کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا اور حکومت سے مانگ کی کہ وہ فوری مداخلت کرتے ہوئے عوام کو راحت پہنچائے۔ سمیر ولی اللہ نے کہا کہ خوردنی تیل، ترکاری اور پیاز کی قیمتوں میں گزشتہ ایک سال میں 50 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں یہ اضافہ گزشتہ چند برسوں میں پہلی مرتبہ ہے اور حکومت قیمتوں پر قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کی طلب کے مطابق اشیاء کی سربراہی کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ مارکٹس کے معاملات پر نظر رکھے تاکہ ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکٹنگ کو روکا جاسکے۔ سمیر ولی اللہ نے کہا کہ حکومت اس معاملہ میں غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کررہی ہے۔ آر ٹی سی ہڑتال کے دوران ترکاری کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا لیکن ہڑتال کے خاتمے کے باوجود یہ رحجان برقرار ہے۔ انہوں نے آر ٹی سی بس کرایوں میں اضافے کی مخالفت کی اور کہا کہ غریب اور متوسط طبقات اس فیصلے سے متاثر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں پیٹرول کی قیمت فی لیٹر 79.81 روپئے ہوچکی ہے جو 11 ڈسمبر کو 74.44 روپئے تھی۔ اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 1.81 روپئے کا اضافہ ہوا۔ پیٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کا اثر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر پڑتا ہے اور عوام متاثر ہوتے ہیں۔ انہوں نے ترکاری اور دیگر اشیاء کی منتقلی کے سلسلہ میں کسانوں سے تعاون کی اپیل کی۔
مانو میں فیکلٹی ڈیولپمنٹ پروگرام
کا اختتام
حیدرآباد ۔ 11 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی شعبہ کمپیوٹر سائنس اینڈ انفارمیشن ٹکنالوجی کے زیر اہتمام یونیورسٹی کے اساتذہ کے لیے تربیتی فیکلٹی ڈیولپمنٹ پروگرام ( ایف ڈی پی ) ’ سینسرنیٹ ورکس ، انٹرنیٹ آف تھنگس اینڈ انٹرنیٹ آف ایوری تھنگ ‘ کا 8 دسمبر کو اختتام عمل میں آیا ۔ پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ رجسٹرار انچارج اور پروفیسر عبدالواحد ڈین اسکول آف ٹکنالوجی ، ڈاکٹر پردیپ کمار ، صدر شعبہ کمپیوٹر سائنس آئی ٹی ، ڈاکٹر ایم اے سکندر ، اسوسی ایٹ پروفیسر ، بزنس مینجمنٹ نے اختتامی جلسہ میں شرکت کی ۔ محترمہ تنگا اروندھتی پروگرام کی شریک کوآرڈینٹر تھیں ۔۔