پہلے پیاز کاٹنے پر آنسو رواں ہوتے تھے اب قیمتیں سن کر آنسو نکل رہے ہیں
حیدرآباد ۔ 28 اکٹوبر (سیاست نیوز) ٹماٹر کے بعد اب پیاز کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہورہا ہے۔ پہلے پیاز کاٹنے پر آنسو رواں ہوتے تھے اب پیاز کی آسمان چھوتی قیمتوں کو دیکھ کر غریب و متوسط طبقہ کی آنکھوں سے آنسو نکلنے لگے ہیں۔ چند دن قبل تک 20 تا 30 روپئے فی کیلو پیاز فروخت ہوا کرتی تھی، اب 50 تا 80 روپئے فی کیلو پیاز فروخت ہورہی ہے۔ دہلی میں 80 روپئے فی کیلو پیاز فروخت ہورہی ہے۔ 5 روپئے کیلو پیاز کیلئے 350 روپئے ادا کرنا پڑرہا ہے۔ ایک ہفتہ میں پیا کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے۔ تاجرین کا کہنا ہیکہ آئندہ چند دنوں میں پیاز کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ تین ماہ قبل ٹماٹر کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوچکا تھا۔ 200 تا 250 روپئے فی کیلو ٹماٹر فروخت ہوئے تھے۔ اب پیاز کی قیمتوں کو پر لگنے لگے ہیں۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوجانے سے غریب و متوسط طبقہ پر پہلے ہی ماہانہ 30 تا 50 فیصد مالی بوجھ کا اضافہ ہوگیا ہے۔ اس کے علاوہ پٹرول، ڈیزل اور پکوان گیس کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ غریب عوام کا کہنا ہیکہ ان کی ذرائع آمدنی میں کسی قدر کا کوئی اضافہ نہیں ہورہا ہے مگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بے حساب اضافہ ہورہا ہے۔ تاجرین اشیائے ضروریہ اور پیاز وغیرہ کو گوداموں میں محفوظ رکھتے ہوئے مارکٹ میں عارضی قلت پیدا کررہے ہیں جب ان کی قیمتوں میں اضافہ ہوجانے کے بعد زیادہ آمدنی حاصل کرنے کیلئے انہیں مارکٹ میں لایا جارہا ہے۔ن