پیدائش اور اموات کے سرٹیفکٹس اب مرکز کے CRS پورٹل سے جاری ہوں گے

   

جی ایچ ایم سی کے عنبر پیٹ سرکل سے تجربات کا آغاز ، پرانی روایتی پالیسی منسوخ
حیدرآباد ۔ 3 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : گریٹر حیدرآباد کے تین میونسپل کارپوریشنس میں فرضی اور بوگس پیدائش و اموات کے سرٹیفیکٹس کے سنسنی خیز انکشافات کے بعد بلدیاتی انتظامیہ نے ایک بڑا اور سخت فیصلہ کیا ہے ۔ MMC-GHMC اور CMC کے تحت پیدائش اور اموات کے سرٹیفیکٹس جاری کرنے کے پرانے روایتی اور مقامی پالیسی کو مکمل طور پر ختم کردیا ہے ۔ اب دیگر ریاستوں کی طرز پر مرکزی حکومت کے سیول رجسٹریشن سسٹم ( CRC ) پورٹل کے ذریعے ہی آن لائن درخواستیں قبول کی جائیں گی اور سرٹیفیکٹس کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی ۔ بلدیاتی حکام کے مطابق توسیع شدہ جی ایچ ایم سی علاقے کو تین حصوں میں تقسیم کرنے سے قبل 11 فروری سے پہلے کئی زونس اور سرکلس میں بوگس برتھ اور ڈیتھ سرٹیفیکٹس جاری کرنے کے کئی سنگین واقعات منظر عام پر آئے تھے ۔ جس نے بلدیاتی عملے کی کارکردگی اور شفافیت پر سوالیہ نشان کھڑے کردئیے تھے ۔ دھاندلی اور جعلی سازی کو جڑ سے اُکھاڑ پھینکنے کے لیے اب شہریوں کو پیدائش اور اموات کے اندراج اور سرٹیفیکٹس کے لیے براہ راست مرکزی حکومت کے قومی پورٹل پر آن لائن میں درخواست دینا ہوگا ۔ نئے سسٹم کو نافذ کرنے کے حصے کے طور پر منگل سے عنبر پیٹ سرکل میں تجرباتی بنیادوں پر CRS پورٹل کے ذریعے پہلے پیدائش اور اموات کے سرٹیفیکٹس کامیابی کے ساتھ جاری کئے گئے ۔ اس نئے نظام کے نفاذ سے جعلی دستاویزات ، ایجنٹس کے اثر و رسوخ اور نچلی سطح پر ہونے والی بدعنوانی پر مکمل کنٹرول ہوگا اور تمام شہریوں کو مرکزی ریکارڈ کے مطابق یکساں اور مستند سرٹیفیکٹس حاصل ہوں گے ۔۔ 2/m/b