شہر میں ٹریفک، سفر کے وقت، ایندھن کے استعمال کو کم کرنے کی مساعی
حیدرآباد 26 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) تلنگانہ میں آؤٹر رنگ روڈ (او آر آر) پر قومی شاہراہ 44 کے ساتھ کنڈلا کویا تا پیراڈائز سکندرآباد اپنی نوعیت کا پہلا 18.5 کیلو میٹر ڈبل ڈیکر اسکائی وے پراجکٹ کو بہت جلد قطعی شکل دی جائے گی۔ جس سے مستقبل میں میٹرو ریل پراجکٹ کے خطوط پر بہترین خدمات سے ہم آہنگ رہے گا۔ حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (حمڈا) نے اس اسکائی وے پراجکٹ پر تفصیلی پراجکٹ رپورٹ (ڈی پی آر) کی تیاری کے لئے کنسلٹنگ خدمات کے انتخاب کے مقصد سے درخواست تجاویز (آر ایف پی) طلب کیا ہے۔ مجوزہ اسکائی وے پراجکٹ کا مقصد ٹریفک اور سفر کے وقت اور ایندھن کے صرفے کو کم کرنا اور اس کے ساتھ مستقبل میں بڑھنے والی ٹریفک کو ملحوظ رکھتے ہوئے او آر آر اور شہر کے مصروف علاقہ کے مابین مؤثر رابطہ کے ذریعہ سہولتوں اور منفعت میں اضافہ کرنا ہے۔اس پراجکٹ کی تخمینی لاگت 1500 کروڑ روپئے ہے۔ مجوزہ اسکائی وے چھ لین کاریڈور پر مبنی ہوگا۔