نئی دہلی، 27 مئی (یو این آئی) پیراگوئے کے صدر سینٹیاگو پینا پالاسیوس اگلے ہفتے تین روزہ سرکاری دورے پر ہندوستان آئیں گے ۔ وزارت خارجہ کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر پیراگوئے کے صدر سینٹیاگو پینا پالاسیوس 2 سے 4 جون تک سرکاری دورہ پر ہندوستان آئیں گے۔ ان کے ہمراہ وزراء، اعلیٰ حکام اور کاروباری نمائندوں پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ہوگا۔ صدر پینا پالاسیوس 4 جون کو پیراگوئے واپس آنے سے پہلے ممبئی بھی جائیں گے ۔ یہ صدر پینا پالاسیوس کا ہندوستان کا پہلا دورہ اور پیراگوئے کے صدر کا دوسرا دورہ ہوگا۔ دورے کے دوران صدر پینا 2 جون کو وزیر اعظم ہند کے ساتھ بات چیت کریں گے اور دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے ۔ وزیر اعظم مہمان خصوصی کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے ۔ توقع ہے کہ صدر دروپدی مرمو صدر پینا پالاسیوس سے ملاقات کریں گی اور ان کے اعزاز میں ضیافت کا اہتمام کریں گی۔ نائب صدر جگدیپ دھنکر اور وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر کی پیراگوئے کے صدر سے ملاقات متوقع ہے ۔