3.46 کروڑ کی امداد، پیرا اولمپکس کے ارشد شیخ کی ستائش
حیدرآباد 4 جون (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ شیو پرتاپ شکلا نے پیرا ایتھلیٹس کو سماج کے لئے مثالی قرار دیا اور اُنھیں تہنیت پیش کی۔ آدتیہ مہتا فاؤنڈیشن کی جانب سے 14 ویں پریزنٹیشن تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں گورنر نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ پیرا اسپورٹس اکیڈیمی اینڈ ریہبلیٹیشن سنٹر بیگم پیٹ میں منعقدہ تقریب میں قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں بہتر مظاہرہ کرنے والے معذور کھلاڑیوں کو تہنیت پیش کی گئی۔ سماج میں اسپورٹس کی حوصلہ افزائی کے لئے آدتیہ فاؤنڈیشن نے اہم رول ادا کیا ہے۔ تقریب میں رکن اسمبلی شام کمار، اسپیشل چیف سکریٹری جیش رنجن، ریٹائرڈ آئی پی ایس شریمتی انجنا سنہا، سابق ڈائرکٹر جنرل پولیس آندھراپردیش اور دوسروں نے شرکت کی۔ فاؤنڈیشن کی جانب سے ملک بھر کے پیرا ایتھلیٹس 3.46 کروڑ کی امداد تقسیم کی گئی جس میں 1.78 کروڑ قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لینے کے لئے دیئے گئے۔ انڈین پیرا سائیکلنگ ٹیم، پیرا شوٹنگ ٹیم اور دیگر ٹیموں نے یادگار مظاہرہ کیا۔ فاؤنڈیشن نے پیرا ایتھلیٹس کے لئے ضروری سامان اور ٹریننگ آلات کی خریدی کے لئے 1.68 کروڑ فراہم کئے ہیں۔ اِس موقع پر جن پیرا ایتھلیٹس کو تہنیت پیش کی گئی اُن میں ارشد شیخ شامل ہیں جنھوں نے پیرس میں منعقدہ پیرا اولمپکس گیمز میں ہندوستان کی نمائندگی کی تھی۔ لشا داس اور وشوا واسنی کو بھی پیرا سائیکلنگ میں تہنیت پیش کی گئی۔ اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر نے آدتیہ مہتا فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہا اور کہاکہ معذور کھلاڑیوں نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے نوجوان نسل کے لئے مثال قائم کی ہے۔ دنیا بھر میں ہندوستان کا نام روشن کیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی ہندوستان میں اسپورٹس کی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔ گورنر نے تیقن دیا کہ وہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے پیرا ایتھلیٹس کی سرپرستی کے لئے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے بات چیت کریں گے۔V/1