پیری کو چھکے پر ٹوٹنے والا کارکا شیشہ تحفے میں مل گیا

   

نئی دہلی ۔ پریمیئر لیگ میں آسٹریلیا کی ایلیسا پیری کا لگایا چھکا یادگار بن گیا، ان کے اسٹروکس سے میدان میں نمائش کیلئے رکھی کارکا شیشہ ٹوٹا اور کمپنی نے وہ شیشہ فریم کروا کے ایلیسا کو تحفے میں دے دیا۔ایلیسا پیری نہ صرف کرکٹ کی ماہرکھلاڑی ہے بلکہ وہ بین الاقوامی فٹبال میچز میں بھی آسٹریلیا کی نمائندگی کر چکی ہیں۔ ایلیسا پیری کسی میدان میں ہوں یا اسٹیج پر سب کی نگاہوں کا مرکز بن جاتی ہیں۔ کرکٹ کھیلیں، فٹبال کھیلیں یا ماڈلنگ کریں، نظر انہی پر ٹھہر جاتی ہے۔ وہ ایک کمال کی کرکٹر ہیں، بولنگ کریں تو بیٹرس کو سامنے ٹکنے نہ دیں۔ بیٹنگ کریں تو بولرزکے چھکے چھڑا دیں۔ ویمن پریمیئر لیگ میں باونڈری لائن پر نمائش کیلیے رکھی کار کا شیشہ ان کے لگائے چھکے سے چکنا چور ہو گیا۔کمپنی نے وہ کارکا ٹوٹا شیشہ فریم کروا کے انہیں تحفے میں دے دیا۔3 نومبر 1990 میں پیدا ہونے والی ایلسا پیری نے بچپن میں کرکٹ، فٹبال، رگبی، گالف، سارے کھیل کھیلے اور16 سال کی عمر میں آسٹریلیا کی کرکٹ اور فٹبال دونوں ٹیموں میں منتخب ہوئیں۔ ایلیسا وہ کھلاڑی ہیں جنہوں نے آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ اور فیفا ورلڈکپ دونوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔فٹبال میں ورلڈکپ کوالیفائر میں اپنی مہارت دکھائی، لیکن پھر ایسا وقت بھی آیا جب کرکٹ اور فٹبال میں سے انہیں ایک کھیل کا انتخاب کرنا پڑا تو پیری نے کرکٹ کا انتخاب کیا۔ آل راؤنڈر ایلیسا آسٹریلیا کی ویمن کرکٹ ورلڈکپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی فاتح ٹیموں کی رکن ہیں، انہوں نے متعدد انفرادی اعزازات بھی اپنے نام کیے ہیں۔ پیری کا مشہور کرکٹ کیریئر مسلسل پھل پھول رہا ہے اور انہیں وسیع پیمانے پر اب تک کی سب سے عظیم خاتون کرکٹر کے طور پر جانا جاتا ہے۔