حالت نشہ میں کار چلانے کا شاخسانہ ۔ ڈرائیور کے ہاتھ میں شراب کی بوتل پائی گئی
حیدرآباد۔ آندھرا پردیش کے اننت پور ضلع میں پینو کنڈہ کے مقام پر پیش آئے ایک خوفناک سڑک حادثہ میں چار افراد ہلاک ہوگئے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے ۔ یہ حادثہ نشہ کی وجہ سے پیش آنے کا شبہ کیا جا رہا ہے کیونکہ حادثہ کے بعد دیکھا گیا کہ کار ڈرائیور کے ایک ہاتھ میں شراب کی بوتل ہے اور دوسرے ہاتھ سے اسٹیرنگ تھامے ہوئے تھا ۔ تفصیلات کے بموجب ایک خاتون کے بشمول چار افراد بنگلورو سے حیدرآباد آ رہے تھے ۔ خاتون کاتعلق دہلی سے بتایا گیا ہے جبکہ تین افراد کا تعلق بنگلور و سے بتایا گیا ہے ۔ یہ چاروں ایک کار میں بنگلورو سے حیدرآباد جا رہے تھے کہ اننت پور ضلع میں پینوکنڈہ کے مقام پر قومی شاہراہ پر یہ حادثہ پیش آیا ۔ بتایا گیا ہے کہ اس گاڑی نے آگے جانے والی گاڑی کو ٹکر ماردی جس کی وجہ سے یہ چاروں ہلاک ہوگئے ۔ کہا گیا ہے کہ کار سے آگے جانے والی گاڑی نے اسپیڈ بریکر کی وجہ سے اپنی رفتار کم کردی تھی جس کے بعد کار سوار افراد اپنی گاڑی پر قابو نہیں رکھ پائے اور سامنے والی گاڑی کو ٹکر ماردی جس کے نتیجہ میں ان کی موت واقع ہوگئی ۔ کہا گیا ہے کہ کار ڈرائیور کے ہاتھ میں شراب کی بوتل موجود تھے جبکہ دوسرے ہاتھ سے اسٹیرنگ سنبھالے ہوا تھا ۔ اطلاع ملنے پر پولیس مقام واقعہ پر پہونچ گئی ۔ نعشوں کو بغرض پوسٹ مارٹم سرکاری دواخانہ کو منتقل کردیا گیا ہے ۔