پینٹاگان کا مائیکروسافٹ کلاؤڈ سے معاہدہ منسوخ

   

نیویارک : امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان نے منگل کے روز اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے امریکی سافٹ ویئر کمپنی مائیکروسافٹ کے ساتھ 10 ارب ڈالر کا ایک معاہدہ منسوخ کر دیا ہے۔ اس معاہدہ کے تحت پینٹاگان نے مائیکروسافٹ کی کلاؤڈ سروسز استعمال کرنا تھیں۔ پینٹاگان کا کہنا ہے کہ اب وہ اس سلسلے میں مائیکروسافٹ اور امیزون کے علاوہ دوسری کلاؤڈ سروسز کے ساتھ مذاکرات کرے گا۔یاد رہے کہ کلاؤڈ سروسز سے مراد کمپیوٹر فائلز اور ڈیٹا دوردراز کے سرور پر رکھنے کی سہولت اور اس تک آسان رسائی دینے والی خدمات ہوتی ہیں۔پینٹاگون نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’’ٹیکنالوجی کے بدلنے کے ساتھ ساتھ یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ ’جے ای ڈی آئی‘ کلاؤڈ کانٹریکٹ، جو پہلے بھی کئی بار تعطل کا شکار ہو چکا ہے، اب محکمہ دفاع کی ضروریات کو پورا نہیں کرتا۔‘‘