پیوش گوئل کا ہند ۔ آسیان تجارتی تعلقات کی توسیع پر تبادلہ خیال

   

وینٹیان (لاؤ) ؍ نئی دہلی: تجارت اور صنعت کے وزیر پیوش گوئل نے جمعہ کو ہندوستان اور جنوب مشرقی ایشیائی علاقائی تعاون کی تنظیم کے ممالک کی مشترکہ منڈی کے درمیان تجارت اور اقتصادی تعلقات کو بڑھانے پر زور دیا۔گوئل آسیان اور مشرقی ایشیائی ممالک کے ساتھ باقاعدہ ملاقاتوں کے سلسلے میں لاؤ پی ڈی آر کے دو روزہ دورے پر ہیں۔انہوں نے آسیان۔ہندوستان کے اقتصادی وزراء کی ایک میٹنگ میں شرکت کے بعد سوشل میڈیا پر کہاکہ لاؤس کے وینٹیان میں 21 ویں آسیان-انڈیا اقتصادی وزراء (اے ای ایم۔انڈیا) کی میٹنگ میں حصہ لیا۔ میٹنگ میں آسیان۔ہندوستان سامان کے تجارتی معاہدے (اے آئی ٹی آئی جی اے ) کے جائزے میں ہونے والی پیش رفت پر غورکیا۔ گوئل نے کہا کہ آسیان کے ساتھ تجارتی معاہدے کی پیشرفت سے کاروبار اور اقتصادی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور دونوں طرف کاروبار کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ میٹنگ میں دو طرفہ تجارت کی اہمیت پر زور دیا گیا، تاکہ دونوں خطوں کی سپلائی چین کے تعلقات مضبوط ہوں گے اورعالمی سپلائی چین کے انضمام کی راہ ہموار ہوگی، جس سے پورے خطے کے کاروباروں اور لوگوں کو فائدہ پہنچے گا۔گوئل 21 ویں آسیان۔ ہندوستان اقتصادی وزراء کی میٹنگ اور 12ویں مشرقی ایشیا سمٹ اقتصادی وزراء کی میٹنگ میں شرکت کے لیے جمعہ سے لاؤ پی ڈی آر کے دورے پر ہیں۔ آسیان کے ان سالانہ اجلاسوں کی میزبانی اپنے ڈائیلاگ پارٹنرز کے ساتھ اس سال لاؤ پیپلز ڈیموکریٹک ریپبلک (لاؤ پی ڈی آر) کر رہا ہے ۔