خوبصورت نظر آنا خواتین کی بنیادی خواہش ہے اور وہ اپنے حسن کی حفاظت کیلئے مختلف مصنوعات استعمال کرتی ہیں جن میں سرِ فہرست بازار میں ملنے والی مہنگی پیک اشیاء ہیں لیکن اگر حسن و خوبصورتی قائم رکھنے کیلئے ایک سستا نعم البدل مل جائے جس سے ایک، دو کی بجائے بیشمار فائدے حاصل ہو جائیں تو کیا کہنا اور جو زیادہ مہنگی بھی نہ ہو۔ بامشکل ہی کوئی ہو گا جس کے ڈریسنگ ٹیبل یا دراز میں ویسلین نہیں ہو گی۔پیٹرولیم جیلی کو معمولی نہ جانئے، یہ موم آئل اور دوسرے قدرتی اجزاء پر مشتمل ایک اہم مصنوع ہے جو سستی تو ہے مگر اس کے بے پناہ فائدے ہیں۔اگرچہ ہم میں سے بہت سے لوگ اس بات سے واقف نہیں کہ پیٹرولیم جیلی کا مقصد صرف سردیوں میں خراب ہاتھوں یا پھٹی ہوئی ایڑیوں کی دیکھ بھال نہیں ہے بلکہ اس کو ہم اور بھی بہت سے مقاصد کیلئے استعمال کر سکتے ہیں۔ پیٹرولیم جیلی کے استعمال کو جاننے سے پہلے یہ جائزہ لیتے ہیں کہ پیٹرولیم جیلی بنی کس طرح؟ اس کے بارے میں عام قیاس یہ ہے کہ انیسویں صدی کے اواخر میں ایک کیمیا دان Robert Chesebrough نے مشاہدہ کیا کہ فیکٹری کے ملازم جلد میں نمی کیلئے Waxrod استعمال کرتے ہیں جو زخم اور کسی بھی طرح کی خراش کو بھی مندمل کرنے کا کام کرتی ہے ۔ Robert Chesebrough نے اس بات کو ذہن نشین کرتے ہوئے مختلف قسم کی مصنوعات تیار کیں جن کا بنیادی جز پیٹرولیم جیلی تھا اور ان کو مختلف طرح کے جار میں محفوظ کر لیا۔ اس طریقے سے پیٹرولیم جیلی ہم تک پہنچی جس کو ہم محدود پیمانے پر استعمال کرتے ہیں۔آپ حیران ہو رہے ہوں گے بھلا پیٹرولیم جیلی کا اور کیا استعمال ہو سکتا ہے حیران ہونا چھوڑیں اور پیٹرولیم جیلی کا صحیح فائدہ اٹھائیں۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ پیٹرولیم جیلی کے استعمال سے آپ اپنی مسکراہٹ میں ایک خاص چمک پیدا کر سکتے ہیں کہ دیکھنے والا دیکھتا رہ جائے۔ ٹی وی پر ماڈلز کے دانتوں کی جگمگاہٹ کسی اور وجہ سے نہیں بلکہ یہ پیٹرولیم جیلی کی مرہونِ منت ہے۔اپنی انگلی پر تھوڑی سی پیٹرولیم جیلی لیں اور اسے دانتوں اور مسوڑھوں پر اچھی طرح مل لیں اور پھر کمال دیکھیں کہ یہ کیسے موتیوں کی طرح دکھتے ہیں۔ایک سادہ لپ گلوس جو آپ کے پاس موجود ہے وہ پیٹرولیم جیلی ہی ہے، جب بھی ہونٹ خشک ہوں یا ویسے ہی ہونٹوں کو نرم و ملائم تاثر دینے کیلئے ان پر پیٹرولیم جیلی لگائیں یہ نہ صرف ہونٹوں کو نمی دے گی بلکہ ایک چمک بھی پیدا کر دے گی۔ اس کے علاوہ لپ اسٹک لگانے کے بعد بھی گلوس کی بجائے پیٹرولیم جیلی لگائیں۔اگر آپ کے بال خشک ہیں تو ان کو اسٹائل دینے کیلئے پیٹرولیم جیلی استعمال کریں جو نہ صرف بالوں میں چمک پیدا کرے گی بلکہ اس سے بال گھنے بھی لگیں گے۔انگلیوں پر پیٹرولیم جیلی لگا کے بال سیٹ کریں جیسے عام طور پر کئے جاتے ہیں پیٹرولیم جیلی بالوں کو قابو کر کے ایک دلکش اسٹائل دے گی اور اگر بالوں میں کبھی چیونگم لگ جائے تو بالوں کو کاٹنے کی بجائے اسے اتارنے کیلئے بالوں پر پیٹرولیم جیلی رگڑیں چیونگم آسانی سے اتر جائے گی۔ پیٹرولیم جیلی آئی برو کو ایک جگہ سیٹ رکھنے کیلئے بھی استعمال کی جاتی ہے۔بہت تھوڑی مقدار میں پیٹرولیم جیلی کو فنگر ٹپ یا آئی برو برش کی مدد سے آئی برو پر لگا لیں۔ آئی میک اپ اتارنے کیلئے کسی ریمور کی بجائے پیٹرولیم جیلی سے فائدہ اٹھائیں۔کسی صاف نرم کپڑے، تولیے یا کاٹن پر پیٹرولیم جیلی لگا کے نرمی سے میک اپ اتار لیں۔آپ دیکھیں گی کہ پیٹرولیم جیلی سے نا صرف آئی میک اپ صاف ہو جاتا ہے بلکہ مسکارا اتارنے میں بھی معاون ہے۔ خود سے اٹھنے والی خوشبو کو تادیر قائم رکھنے کیلئے اپنی کلائی، گردن اور جس حصے پر آپ پرفیوم یا باڈی اسپرے لگانا چاہتے ہیں وہاں پیٹرولیم جیلی لگا لیں۔کمزور ناخنوں کے کنارے بہت جلد ٹوٹ جاتے ہیں اور ایسے ناخن دیکھنے میں بھدے لگتے ہیں ناخنوں کی مضبوطی کیلئے ان پر پیٹرولیم جیلی لگایا کریں۔یہ ناخنوں کومضبوطی دیتی ہے۔ اگر آپ کے پاؤں کھردرے ہیں اور آپ چاہتے ہیں کہ یہ نرم و ملائم ہو جائیں تو ان کی حفاظت کیلئے روزانہ رات کو سونے سے پہلے انہیں اچھی طرح دھو کر ان پر پیٹرولیم جیلی لگائیں اور جرابیں پہن کے سو جائیں کچھ ہی دنوں بعد آپ کے پاؤں نرم و ملائم ہونے کے ساتھ ان کی رنگت بھی نکھر آئے گی۔ اسی طرح ہاتھوں کی خوبصورتی برقرار رکھنے کیلئے برتن دھونے اور کپڑے دھونے سے پہلے ہاتھوں پر پیٹرولیم جیلی لگا لیں تاکہ صابن میں موجود ایسڈ جلد کو نقصان نہ پہنچائیں اور رات کو سوتے وقت بھی پیٹرولیم جیلی لگائیں۔اپنے جسم سے مردہ خلیات کو ختم کرنے کیلئے پیٹرولیم جیلی اور سمندری نمک کو باہم ملائیں اور نہانے سے پہلے سارے جسم پر اس کا مساج کریں اور پھر دھو لیں۔ اس اسکرب سے نہ صرف مردہ خلیات ختم ہوں گے بلکہ جسم کو ایک بہترین موئسچرائزر بھی ملے گا۔