سڈنی ۔ آسٹریلیائی بولر پیٹ کمنز نے اپنی کپتانی میں تقریباً ہر بڑی سیریز اور ٹورنمنٹ جیتا ہے لیکن ہندوستانی ٹیم گزشتہ 4 بار بارڈر۔گواسکر ٹرافی جیت چکی ہے۔ اس میں دو بار ہندوستان نے آسٹریلیا کو اس کے گھر پر شکست دے کر ٹرافی کا دفاع کیا ہے۔ وہیں آسٹریلیا کی ٹیم گزشتہ 10 سال سے یعنی 2014 سے اس سیریز میں ٹیم انڈیاکو ہرانے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے لیکن کپتان پیٹ کمنز اس بار ہندوستان کو شکست دینے کے لیے بے چین ہیں۔ ابھی یہ سلسلہ شروع بھی نہیں ہوا ہے اور انہوں نے اپنا ارادہ دکھانا شروع کردیا ہے۔ کمنز نے اپنے حالیہ بیان میں ہندوستان کی صورتحال کو ونڈے ورلڈ کپ جیسا بنانے کی بات کہی ہے۔ ہندوستانی ٹیم جلد ہی 5 میچوں کی ٹسٹ سیریز کے لیے آسٹریلیا کے دورے پر روانہ ہونے والی ہے۔ ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ سیریز دونوں ٹیموں کے لیے بہت اہم ہونے جا رہی ہے۔ کمنز نے حال ہی میں ایک تقریب کے دوران اس سیریز کے بارے میں بات کی ہے۔22 نومبرکو شروع ہونے والے میچ سے پہلے انہوں نے ہندوستان کی حالت ونڈے ورلڈ کپ کے فائنل جیسی ہونے کا اشارہ دیا ہے۔ دراصل کمنز نے کہا کہ جب بھی کوئی ٹیم دباؤ میں ہوتی ہے، تو اس کے خلاف کھیلنا کوئی بری بات نہیں ہے۔ اس نے پہلے بھی یہاں آکر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے لیکن ہمارا کام انہیں پرسکون ہونے نہیں دینا ہے ۔ پیٹ کمنز نے 2023 ونڈے ورلڈکپ کے دوران بھی یہی کہا تھا۔