پی او پی ایس مراکز کے قیام میں تلنگانہ سر فہرست

   

شہر میں درخواستوں کی صرف 3 دن میں تنقیح : پاسپورٹ آفیسر
حیدرآباد ۔ /28 فبروری (سیاست نیوز) ریجنل پاسپورٹ آفیسر ڈاکٹر ای وشنووردھن ریڈی نے کہا کہ پوسٹ آفس پاسپورٹ سیوا کیندرا قائم کرنے میں تلنگانہ سرفہرست ہے ۔ انہوں نے ڈاک سدن عابڈس میں منعقدہ چیف پوسٹ ماسٹر جنرل بی چندر شیکھر کے ساتھ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پوسٹ آفس سیوا کیندرا 2017 ء فبروری میں محبوب نگر اور ہنمکنڈہ میں قائم کئے گئے تھے ۔ اسی طرح وقفہ وقفہ سے ہر پارلیمانی حلقہ کے ایک ضلع میں پی او پی ایس کے قائم کرنے کا عزم کیا گیا تھا اور اندرون دو سال 14 پی او پی ایس کے قائم کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال میں 5 لاکھ 49 ہزار پاسپورٹ درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میں 5 لاکھ 25 ہزار پاسپورٹ جاری کئے گئے ۔ حیدرآباد میں پاسپورٹ درخواست کی تنقیح کی مدت محض تین دن ہے جبکہ اضلاع میں 4 دن میں انکوائری مکمل کی جاتی ہے ۔ وشنووردھن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں 95 فیصد پاسپورٹ درخواستوں پر فی الفور کارروائی کرکے اجرائی عمل میں لائی گئی جبکہ بعض درخواستیں مخصوص وجوہات کی بنا پر زیرالتواء ہیں جن میں مقدمات بھی شامل ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ پی او پی ایس سنٹرس کے ذریعہ 62 ہزار 271 پاسپورٹس جاری کئے گئے اور ملک میں ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ڈاک اور مرکزی وزارت خارجہ کے تال میل سے پی او پی ایس کے قائم کئے گئے ہیں اور اس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں ۔ چیف پوسٹ ماسٹر جنرل بی چندر شیکھر ، پوسٹ ماسٹر جنرل بی رادھیکا چکرورتی ، آکاش دیپ ، سنتوش نیتا اور دیگر موجود تھے ۔