پی ایس ایل کے انعقاد پر ہنوز سوالیہ نشان : شعیب اختر

   

کراچی : پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہا ہے کہ مجھے پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 6 کے بقیہ میچز ابوظہبی میں ہوتے ہوئے نظر نہیں آرہے ہیں۔ راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور سابق فاسٹ بولر نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ لیگ کروانے کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا ہوم ورک مکمل نہیں تھا۔ شعیب اختر نے مزید کہا ہے کہ ابو ظہبی نے اجازت سے قبل ہی پی سی بی کو آگاہ کردیا تھا، اس کے باوجود پی سی بی نے ہندوستانی پروڈکشن کریوکے علاوہ کوئی دوسرا انتظام نہیں کیا۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق سربراہ عارف علی خان عباسی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کے دوبارہ کروانے پر ایک غلطی نہیں بلکہ غلطیوں کے پل باندھ دیئے گئے ہیں۔ عارف علی خان عباسی نے پی ایس ایل سے متعلق کرکٹ بورڈ پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ کھلاڑی ایرپورٹ جاتے ہیں واپس آجاتے ہیں ٹیمیں جاتے جاتے رک جاتی ہیں یہ کونسا طریقہ کار ہے ؟ عارف عباسی نے بار بار غلطیاں کرنے پرپی سی بی کے موجودہ سربراہ احسان مانی اور سی ای او وسیم خان کو گھر چلے جانے کا مشورہ دیا ہے۔