پی جی میڈیکل اور ڈینٹل کورسس کی فیس میں اضافہ غیر انسانی

   

Ferty9 Clinic

غریب اور متوسط طلبہ پر 14 لاکھ کا بوجھ، چیف منسٹر کو کانگریس کا مکتوب
حیدرآباد 7 مئی (سیاست نیوز) سکریٹری آل انڈیا کانگریس کمیٹی سی ومشی چند ریڈی نے چیف منسٹر کے سی آر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے پی جی میڈیکل اور ڈینٹل کورسس کی فیس میں اضافے سے دستبرداری کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جی او ایم ایس 20 سے فوری دستبرداری اختیار کی جائے۔ ومشی چند ریڈی نے کہا کہ میں ایک سیاسی قائد کی حیثیت سے نہیں بلکہ ایک متوسط گھرانے سے تعلق رکھنے والے سرکاری ملازم کے فرزند کے طور پر مکتوب لکھ رہا ہوں۔ میں نے میڈیکل کورس کی تکمیل کے لیے کافی جدوجہد کی اور فیس کی ادائیگی کی دشواریوں سے اچھی طرح واقف ہوں۔ میں جانتا ہوں کہ متوسط گھرانے میڈیکل کورسس کی فیس کی ادائیگی میں کس قدر مشکلات و دشواریوں کا سامنا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پی جی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کورسس کی فیس میں صد فیصد اضافہ ناموزوں اور غیر انسانی ہے۔ لہٰذا حکومت کو فوری فیصلے سے دستبرداری اختیار کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلائو کے بعد سے ڈاکٹرس وائرس کے خلاف جدوجہد میں آگے ہیں۔ لہٰذا اس شعبے سے تعلق رکھنے والوں پر مزید بوجھ عائد کرنا مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب اور متوسط خاندانوں کے لیے پی جی کورس کی 14 لاکھ فیس ادا کرنا ممکن نہیں ہے۔ اس سے نہ صرف طلبہ پر بوجھ پڑے گا بلکہ بالواسطہ طور پر مریض بھی بوجھ کا شکار ہوں گے۔ ایسے وقت جبکہ لاک ڈائون کے نتیجہ میں عوام معاشی پریشانیوں کے شکار ہیں، امید کی جارہی تھی کہ حکومت عوام کی مدد کے لیے کھڑی ہوگی لیکن فیس میں اضافے کے فیصلے نے میڈیکل شعبے کے حوصولوں کو پست کردیا ہے۔ میڈیکل گریجویٹس اس فیصلے کی مخالفت کررہے ہیں۔ انہوں نے چیف منسٹر سے درخواست کی کہ وہ ڈاکٹرس کی دشواریوں کو محسوس کرتے ہوئے فیس میں اضافے سے دستبرداری اختیار کرلیں۔