مانکیم ٹیگو اور ریونت ریڈی پر تنقید غیر ضروری،ملو روی کا رد عمل
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں صدر پردیش کانگریس کے انتخاب کے مسئلہ پر قائدین میں اختلاف رائے کے درمیان سابق رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر ملو روی نے سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے تمام قائدین کو صدارت کے سلسلہ میں ہائی کمان کا فیصلہ قبول کرنا چاہیئے۔ ملو روی نے کہا کہ ہائی کمان نے قائدین سے مشاورت کا عمل مکمل کرلیا ہے اور ایسے وقت جبکہ صدر کے نام کا اعلان باقی ہے بعض قائدین رکاوٹ پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ ہنمنت راؤ پر تنقید کرتے ہوئے ملوروی نے کہاکہ انچارج جنرل سکریٹری مانکیم ٹیگور اور ریونت ریڈی کو نشانہ بنانا افسوسناک ہے۔ ملوروی نے بتایا کہ 165 قائدین نے مشاورت میں حصہ لیتے ہوئے اپنی رائے ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پابند ڈسپلن قائدین کو ہائی کمان کا فیصلہ قبول کرنا ہوگا۔ تلنگانہ میں کانگریس کے احیاء کیلئے نوجوان قیادت ضروری ہے۔ ملو روی نے صدارت نے کیلئے ریونت ریڈی کے نام کی تائید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت ریونت ریڈی میں بدرجہ اتم موجود ہے۔
