کانگریس سے ناراضگی ، ٹی آر ایس یا بی جے پی میں شمولیت کا امکان
حیدرآباد ۔19 ۔ نومبر (سیاست نیوز) سابق وزیراعظم پی وی نرسمہا راؤ کے افراد خاندان ابھی بھی سیاسی طور پر شناخت سے محروم ہیں۔ کانگریس کی جانب سے نرسمہا راؤ کے خاندان کو نظر انداز کئے جانے کے بعد ٹی آر ایس نے حال ہی میں نرسمہا راؤ کی دختر وانی دیوی کو پارٹی میں شامل کرتے ہوئے قانون ساز کونسل کی رکنیت دی ہے ۔ اسی طرح نرسمہا راؤ کے بھانجے این وی سبھاش نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی جہاں انہیں ترجمان کا عہدہ دیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ نرسمہا راؤ کے چھوٹے فرزند پی وی پربھاکر راؤ ٹی آر ایس یا بی جے پی میں شمولیت اختیار کرسکتے ہیں۔ پربھاکر راؤ دونوں پارٹیوں کے قائدین سے ربط میں ہیں اور وہ پی وی گلوبل فاؤنڈیشن کے سربراہ ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ بھارت جوڑو یاترا کے دوران حیدرآباد میں راہول گاندھی نے نکلس روڈ پر آنجہانی اندرا گاندھی کے مجسمہ پر پھول نچھاور کئے لیکن وہاں قریب میں موجود نرسمہا راؤ کی سمادھی پر حاضری نہیں دی۔ نرسمہا راؤ کو خراج پیش کرنے سے گریز پر پربھاکر راؤ نے ناراضگی کا اظہار کیا اور بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے ڈگ وجئے سنگھ اور سریدھر بابو سے شکایت کی ۔ اطلاعات کے مطابق پربھاکر راؤ کی ناراضگی کو دیکھتے ہوئے ٹی آر ایس اور بی جے پی قائدین ان سے ربط میں ہیں۔ پربھاکر راؤ دہلی میں سیاسی اور صنعتی حلقوں میں بہتر تعلقات رکھتے ہیں اور ٹی آر ایس انہیں شامل کرتے ہوئے قومی پارٹی بی آر ایس میں اہم عہدہ دینے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس کے کئی سینئر قائدین نے پربھاکر راؤ کو منانے کی کوشش کی اور پارٹی میں برقرار رہنے کا مشورہ دیا ۔ ر