پیدل راہرو پراجیکٹ کی تکمیل کیلئے متعدد اقدامات کا دعوی ۔ اسمبلی میں ریاستی وزیر کے ٹی آر کا بیان
حیدرآباد۔11فروری(سیاست نیوز) شہر میں کتنی ہی عمارتیں کیوں نہ بن جائیں ’ چارمینار ‘ شہر حیدرآباد کی وہ عالیشان عمارت ہے جو کہ اس شہر کی پہچان ہے اور اس شہر کے لئے یونیسکو کے ہیریٹیج ٹیاگ کا حصول ریاستی حکومت کا مقصد ہے۔ شہر حیدرآباد کے لئے ہیریٹیج ٹیاگ کے حصول کے لئے چارمینار کے مکمل تحفظ اور اس کے اطراف و اکناف کے علاقوں کی خوبصورتی میں اضافہ کیا جانا ضروری ہے۔ ریاستی وزیر بلدی نظم ونسق مسٹر کے ٹی راما راؤ نے وقفہ سوالات میں چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے پراجکٹ کی تکمیل کے لئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں جن میں پنچ محلہ بس اسٹینڈ کے پاس 4000 مربع گز پر پارکنگ کامپلکس ‘ خزانہ ٔ عامرہ خلوت کی جگہ پارکنگ کامپلکس ‘ سردار محل کی تزئین نو‘ بادشاہی عاشور خانہ کی تزئین نو‘ گلزارحوض کی تزئین نوکے علاوہ کالی کمان کے کاموں کو شروع کردیا گیا ہے۔ کے ٹی راما راؤ نے بتایا کہ حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے پرانے شہر میں سڑکوں کی توسیع کے کاموں کے لئے 100کروڑ روپئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حوالہ کردیئے ہیں اور توقع ہے کہ جلد ہی سڑکوں کی توسیع کے کاموں کو شروع کردیا جائے گا۔ ریاستی وزیر رکن اسمبلی چارمینار جناب ممتاز احمد خان کے سوال کا جواب دے رہے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ سے نکالی جانے والی نئی سڑکوں کے سلسلہ میں کاموں کا جائزہ لیا جا رہاہے ۔مکہ مسجد سے متصل نئی سڑک نکالنے کے حوالہ سے انہوں نے بتایا کہ محکمہ اقلیتی بہبود کی ایک جائیداد کے حصول کے سلسلہ میں اقدامات کئے جا رہے ہیں اور مٹی کا شیر سے نئی سڑک کے متعلق عدالت میں مقدمہ زیر دوراں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گلزار حوض کالی کمان کے قریب متوازی سڑک کے کاموں کے متعلق بتایا کہ محکمہ تعلیم کی جائیداد ایک اسکول کے حصول کے لئے مذاکرات جاری ہیں جنہیں جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ کے ٹی راما راؤ نے بتایا کہ پرانے شہر میں میٹرو ریل کے کاموں کے آغاز کے لئے جائیدادوں کے حصول کا عمل شروع کیا جائے گا اور اس راہداری میں جملہ 29 مذہبی مقامات کے سلسلہ میں متعلقہ عوامی نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اقدامات کئے جا ئیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ موسیٰ ندی پر پیدل راہرو پل کی تعمیر کے سلسلہ میں بھی تفصیلی پراجکٹ تیار ہے اور اس کا جلد ہی سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔م