چارمینار ملٹی لیول پارکنگ کامپلکس ‘تعمیر کا جلدآغاز

   

ایچ ایم ڈی اے ٹیم کا دورہ کوئمبتور ، ڈیزائن کو جلد قطعیت
حیدرآباد 5 جولائی (سیاست نیوز) چارمینار بس اسٹانڈ میں ملٹی لیول پارکنگ کامپلکس تعمیر کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ طویل عرصہ سے تاریخی چارمینار کے پاس پارکنگ کا مسئلہ ہے ۔ دور دراز سے 400 سالہ تاریخی چارمینار کا نظارہ کرنے پہنچنے والے سیاحوں کیلئے پارکنگ بڑا مسئلہ ہے ۔ عوام کو کافی دور گاڑیاں پارک کرنا پڑ تا ہے ۔ متحدہ آندھراپردیش میں خلوت گراؤنڈ کے پاس ایک سرکاری عمارت کو پارکنگ کامپلکس میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا مگر اس پر پیشرفت نہیں ہوئی ہے ۔ علحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد سیاحتی مراکز کو ترقی اور تاریخی عمارتوں اور نشانیوں کی عظمت رفتہ بحال کرنے خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ اس معاملہ میں وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کو خصوصی دلچسپی ہے اور پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق ڈی اروند ایسے کاموں کیلئے پیش پیش ہیں۔ چارمینار بس اسٹانڈ کو منہدم کر کے وہاں عارضی طور پر پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے ۔ مگر بس اسٹانڈ کے سارے علاقہ میں کچرہ اور گندگی بھری ہوئی ہے ۔ ایک شحص نے کے ٹی آر اور اروند کمار کو کچرے کے انبار کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے چارمینار کے پاس پارکنگ کا حل نکالنے کی اپیل کی ہے جس پر ڈی اروند نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی کی تجویز پر ایچ ایم ڈی اے کی ایک ٹیم نے کو کوئمبتور کا دورہ کرتے ہوئے وہاں کے ملٹی لیول پارکنگ کا جائزہ لیا ہے اور چارمینار کے پاس ملٹی لیول پارکنگ کا ڈیزائن کیا جارہا ہے ۔ بہت جلد تعمیرات کا آغاز کیا جائے گا۔ن