چار ارب سے زیادہ آبادی کو سماجی تحفظ کے فوائد حاصل نہیں : عالمی ادارہ صحت

   

نیویارک ۔ انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ عالمی سطح پر 4 ارب سے زائد افراد کو ایک ایسے وقت میں کوئی سماجی تحفظ حاصل نہیں ہے جب کوویڈ 19 کی عالمی وبا ان کی زندگی اور معاش کو تباہ کر رہی ہے۔آئی ایل او کی ورلڈ سوشل پروٹیکشن رپورٹ برائے 2020-2022 سے پتہ چلتا ہے کہ کرونا کی عالمی وبا نے روزگار کی دنیا کو کس حد تک متاثر کیا ہے۔ یہ رپورٹ اس عدم مساوات کو بے نقاب کرتی ہے جو کرونا کی عالمی وبا کے نتیجے میں جنم لینے والی معاشی پریشانیوں کے باعث غربت کی دلدل میں پھنسے ہوئے ترقی پذیر، غریب اور امیر ممالک کے درمیان موجود ہے۔مزید برآں، رپورٹ یہ بھی ظاہر کرتی ہے کہ دنیا کی آدھی سے بھی کم یعنی 47 فیصد آبادی کو کم از کم ایک سماجی تحفظ کے فوائد حاصل ہیں، جب کہ تقریباً 4 ارب 10 کروڑ افراد کو، جو دنیا کی کل آبادی کا 53 فیصد ہیں، آمدنی کا کوئی تحفظ حاصل نہیں ہے۔رپورٹ میں سماجی تحفظ کے حوالے سے مختلف علاقوں میں پائی جانے والی عدم مساوات پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔ مثال کے طور پر عالمی ادارہ محنت کے ڈائریکٹر جنرل گائے رائیڈر کہتے ہیں کہ یورپ اور وسطی ایشیا میں 84 فیصد آبادی کو کم از کم ایک سماجی تحفظ حاصل ہے جبکہ افریقہ میں صرف 17 اعشاریہ 4 فیصد آبادی کے پاس سماجی تحفظ کی سہولت موجود ہے۔