حیدرآباد۔ اے پی کے ضلع مغربی گوداوری میں پیش آئے سڑک حادثہ میں دو افراد شدید زخمی ہوگئے اور چار گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا۔یہ حادثہ ضلع کی 16نمبر قومی شاہراہ پر آج صبح کی اولین ساعتوں میں اُس وقت پیش آیا جب وہاں سے گذرنے والی کار خراب ہوگئی۔اس کار کو وہاں سے لے جانے کیلئے ریکوری ویان طلب کی گئی۔کار کو لے جانے کے دوران نیلور سے وشاکھاپٹنم جانے والی آرٹی سی بس کے ڈرائیور نے اچانک بریک لگادیا اور ویان کو ٹکر دے دی۔اس بس کے پیچھے کرناٹک سے اوڈیشہ جانے والی پرائیویٹ ٹراویلس کی بس نے آرٹی سی بس کو ٹکر دے دی۔پرائیویٹ ٹراویلس کی بس کے پیچھے گجرات سے وشاکھاپٹنم بندرگاہ کو روانہ ہونے والی جیپ نے پرائیویٹ ٹراویلس کی بس کو ٹکر دے دی۔اسی دوران حادثہ کے بعد ٹہری ہوئی جیپ کو پیچھے سے آنے والی منی لاری نے ٹکر دے دی۔اس حادثہ میں جیپ،منی لاری کے ڈرائیورس شدید زخمی ہوگئے جن کو علاج کے لئے ایلوروکے سرکاری ہاسپٹل منتقل کردیاگیا۔اطلاع ملتے ہی پولیس مقام حادثہ پر پہنچی جس نے مقام حادثہ کا جائزہ لیا اور اس حادثہ کا سبب بننے والی گاڑیوں کو وہاں سے ہٹانے کا کام کیا۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے جانچ شروع کردی۔