چاقو کی نوک پرجموں۔دہلی دورانتو ایکسپریس مسافرین پر ڈاکہ

   

نئی دہلی ۔ 17جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) جموں ۔ دہلی دورانتو ایکسپریس میں آج چاقو کی نوک پر مسلح افراد نے ڈاکہ ڈالا ۔ یہ معاملہ اس وقت پرمنظر عام پر آیا جب کہ مسافرین نے ریلوے کے شکایتی پوسٹل پر اپنی شکایت درج کروائی ۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ B3 اور B7 کمپارٹمنٹس کے مسافرین علی الترتیب اشونی کمار اور ایک اور مسافر کو لوٹ لیا گیا ، جب کہ وہ 12266 ٹرین میں سرائے روہیلا اسٹیشن کے قریب سوار ہوئے تھے ۔ ناردرن ریلوے کے ایک عہدیدار نے کہا کہ ریلوے پولیس فورس کو اس معاملہ میں چند سراغ دستیاب ہوئے ہیں اور خاطیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ ریلوے پروٹیکشن فورس (آر ٹی ایف ) نے اس معاملہ کے ابتدائی سراغ حاصل کرلئے ہیں اور حملہ آوروں کو بہت جلد گرفتار کیا جائے گا ۔ ان کے خلاف سخت ترین کارروائی بھی کی جائے گی ۔ ناردرن ریلوے کے ترجمان نے کہا کہ ٹرین نمبر 12266 صرف اپنے مقررہ اسٹیشنوں پر توقف کرتی ہے ۔ناردرن ریلوے کے اٹنڈنٹ نے کہا کہ ٹرین پر صیانتی عملہ دستیاب نہیں تھا۔