حیدرآباد۔یکم۔مئی ۔(سیاست نیوز) بازاروں میں چاند رات کے موقع پر گہما گہمی کے دوران خواتین اور لڑکیوں سے چھیڑ چھاڑ کرنے والے منچلے نوجوانوں سے نمٹنے ’شی ٹیم ‘ کو متحرک کردیا گیا اور دونوں شہروں کے کئی بازاروں میں شی ٹیم اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ اہم تجارتی مراکز بالخصوص چارمینار‘ مدینہ بلڈنگ‘ پتھر گٹی ‘ لاڈبازار‘ ٹولی چوکی ‘ مہدی پٹنم ‘ کشن باغ ‘ وٹے پلی اور دیگر علاقو ںمیں شی ٹیم کی تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا تاکہ خواتین اور لڑکیوں سے چھیڑ چھاڑ کے تدارک کو یقینی بنایا جائے۔ بازاروں میں ہجوم کا فائدہ اٹھا کر بعض منچلے اور اوباش نوجوان بازاروں میں گھومتے ہیں اور ان کی حرکتیں واہیات ہوتی ہیں جنہیں روکا جانا ضروری ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ شی ٹیم کے اہلکاروں کے ساتھ سادہ لباس میں پولیس کی بھی تعیناتی عمل میں لائی جا رہی ہے تاکہ اوباش نوجوانو ںکو حراست میں لے کر ان کے خلاف کاروائی کی جا سکے ۔ خواتین سے چھیڑ چھاڑ اور جملے کسنے کو روکنے پولیس کی جانب سے نہ صرف آوارہ گرد نوجوانوں پر نظر رکھی جارہی ہے بلکہ ان فٹ پاتھ اور ٹھیلہ بنڈی تاجرین پر بھی نظر رکھی جائے گی جو سابق میں ایسی حرکات میں ملوث پائے گئے ہیں۔