حیدرآباد ۔ 26 اکتوبر (پریس نوٹ) مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علماء دکن کا ماہانہ اجلاس بضمن رویت ماہ ربیع الآخر 1444ھ زیر نگرانی مولانا سید محمد قبول بادشاہ الشطاری قادری معتمد صدر مجلس علماء دکن آج شام 6 بجے بمقام خانقاہ کامل مرکزی آستانہ شطاریہ دبیر پورہ میں منعقد ہوا۔ شہر میں مطلع صاف ہونے کے باوجود چاند نظر نہیں آیا۔ ملک کے بیشتر مقامات بشمول گلبرگہ شریف، دہلی، پٹنہ، لکھنؤ، کولکتہ، سورت، کانپور، پھلواری شریف (پٹنہ) ناندیڑ اور عثمان آباد سے مطلع کہیں صاف، کہیں جزوی ابر آلود ہونے کی اطلاعات ملی ہیں اور چاند نظر نہیں آیا۔ لہذا تحت احکام شرعیہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علماء دکن اعلان کرتی ہے کہ بتاریخ 27 اکتوبر بروز جمعرات 30 ربیع الاول ہوگی۔ اس اجلاس میں مولانا سید محمد قبول بادشاہ القادری الشطاری، مولانا مفتی خلیل احمد، مولانا سید حسن ابراہیم حسینی قادری سجاد پاشاہ، مولانا سید محمود بادشاہ قادری زرین کلاہ، مولانا مفتی سید صغیر احمد نقشبندی، مولانا سید شیخن احمد شطاری کامل پاشاہ، مولانا ڈاکٹر سید علی حسینی قادری علی باشاہ، مولانا مفتی مشہود احمد، جناب قاضی سید نور اللہ فاروقی عارفی نے شرکت کی۔
شیعہ علماء کا بیان
سید علی اصغر جعفری کی اطلاع کے مطابق کل ہند شیعہ مجلس علماء و ذاکرین نے یہ اعلان کیا ہے کہ شہر حیدرآباد میں چاند نظر نہیں آیا اور نہ ہی کہیں سے رویت کی اطلاع ملی ہے۔ لہذا 27 اکتوبر 2022 ء جمعرات کو 30 ربیع الاول 1444ھ ہوگی اور 28 اکتوبر 2022 ء جمعہ کو یکم ربیع الثانی1444ھ ہوگی۔ اس کی تصدیق حسب ذیل علماء کرام نے کی ہے۔ مولانا سید حسن زیدی، مولانا ڈاکٹر سید نثار حسین حیدر آقا، مولانا رضا عباس خاں اور مولانا محب عابد۔