روزنامہ سیاست کے زیر اہتمام ملت فنڈ کی مدد سے مفت میڈیکل نشست پانے والے نلگنڈہ کے محمد مناظر کے تاثرات
حیدرآباد 12 جولائی ( سیاست نیوز) نلگنڈہ سے تعلق رکھنے والے ہونہار طالب علم محمد مناظر حسین نے میڈیکل میں مفت نشست حاصل کی ہے اور وہ مستقبل میں غریب و ضرورتمند طلبا کی حسب استطاعت مدد کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ یہ ایک ایسی حقیقت ہے کہ انسان جب ہر سمت سے مایوس ہوجاتا ہے تو اسی وقت اللہ تبارک و تعالی غیب سے اس کی مدد فرماتے ہیں۔ ایسا ہی کچھ نلگنڈہ کے ہزاری گوڑہ کے رہنے والے محمد مناظر حسین کے ساتھ ہوا ہے ۔ مناظر حسین 22 سالہ نوجوان ہیں اور وہ نیٹ NEET مسلسل تین مرتبہ تحریر کرنے کے بعد امید کھوتے جا رہے تھے ۔ وہ مفت میڈیکل نشست حاصل کرنے کوشاں تھے اور یہ ممکن نہیں ہو پا رہا تھا ۔ محمد مناظر حسین ایک موذن صاحب کے فرزند ہیں جو لوگوں کو دن میں پانچ مرتبہ نماز کی دعوت دیتے ہیں اور انہیں صرف 4000 روپئے ماہانہ ہدیہ ملتا ہے ۔ وہ ایک موقع پر معاشی اور نفسیاتی بحران کی کیفیت کے قریب پہونچ چکے تھے ۔ جب وہ نیٹ کا امتحان کامیاب کرنے کیلئے پڑھائی پر توجہ کر رہے تھے تو خاندان سے مدد کی امید تھی تاہم حالات کی وجہ سے یہ تقریبا نا ممکن ہوتی جا رہی تھی ۔ وہ پہلے ہی تین مرتبہ NEET کا امتحان تحریر کرچکے تھے اور اس کے نتائج ان کی توقع کے مطابق نہیں تھے ۔ ایک ایسے وقت جب انہوں نے تقریبا طئے کرلیا تھا کہ وہ اب اپنا وقت ضائع کرنا تر ک کردینگے اور کچھ دوسرا کرینگے اسی وقت وہ ’ روزنامہ سیاست ‘کی جانب سے چلائے جانے والے ملت فنڈ سے رجوع ہوئے ۔ مناظر اور ان کے والد سے ان کی کہانی سننے کے بعد ملت فنڈ کے ذمہ داروں نے محسوس کیا کہ وہ ایک آہنی حوصلے والے فرد ہیں اور وہ تعلیمی نشانہ پار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہیں کچھ معاشی مدد فراہم کرنے کے علاوہ ملت فنڈ کے ذمہ داروں نے انہیں فوکس اکیڈیمی سے رجوع کیا جہاں نقی علی نے ان کو تیار کرنے کی ذمہ داری قبول کرلی اور پھر جو کچھ ہوا وہ تاریخ ہے اور ابھی آگے بڑھتی جا رہی ہے ۔ ملت فنڈ کے ذمہ داروں سے ایک ملاقات میں مناظر حسین اور ان کے والد نے عہد کیا کہ وہ اچھے نتائج حاصل کرینگے ۔ مناظر حسین نے کہا کہ جب وہ کسی بھی حیثیت میں کچھ دوسروں کی مدد کرنے کے قابل ہوجائیں گے تو وہ خوشی سے ایسا کرینگے کیونکہ ان کے خیال میں ’’ چراغ ہی سے چراغ جلتے ہیں ‘‘ ۔
