چرنجیوی کی فلم ’میگا 158‘ کا نام ’کاکا‘ رکھا گیا

   

حیدرآباد، 22 اگست (آئی اے این ایس) تلگو فلموں کے میگا اسٹار چرنجیوی کی مرکزی اداکاری اور ہدایت کار بوبی کولی کی زیر ہدایت بننے والی انتہائی متوقع ایکشن فلم کا عنوان ہفتہ کو جاری کردیا گیا۔ فلم کا نام ’کاکا‘ رکھا گیا ہے۔ فلم کے نام کے اعلان کے بعد مداحوں اور فلمی شائقین میں زبردست جوش و خروش پایا جارہا ہے۔فلم کے نام کا اعلان چرنجیوی کی سالگرہ کے موقع پرکیا گیا۔ اداکار ہفتہ کو اپنی سالگرہ منا رہے ہیں۔ فلم کی پروڈیوسرکمپنی کے وی این پروڈکشنز نے ایک ٹائٹل ٹیزرکے ذریعہ فلم کے نام کا اعلان کیا۔ ساتھ ہی بتایا گیا کہ یہ فلم اگلے سال 13جنوری 2027 کو سنکرات کے موقع پر سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔ پروڈکشن ہاؤس نے سوشل میڈیا پر ٹائٹل ٹیزر جاری کرتے ہوئے لکھا، امّاجی ایکوا انڈسٹریز، راول پلیم میں سوپروائزر ستیَم سے ملیے۔ ٹیم ’کاکا‘ کی جانب سے واحد اور بے مثال میگا اسٹار چرنجیوی کو سالگرہ کی دلی مبارکباد۔ ٹائٹل کی جھلک جاری کردی گئی ہے۔ 13 جنوری 2027، سنکرانتی ریلیز۔ٹائٹل ٹیزر میں چرنجیوی کو امّاجی ایکوا انڈسٹریز نامی جھینگوں کے فارم میں کام کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ فلم میں ان کے کردار کا نام ستیَم ہے اور وہ اس ادارے میں سوپروائزر کے طور پر کام کرتے ہیں۔ اس ادارے میں ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کام کرتے نظر آتے ہیں۔ ٹیزر میں ایک ملازم چرنجیوی کو ایک چابی واپس کرنے کی کوشش کرتا ہے، لیکن چابی جھینگوں سے بھرے ایک تالاب میں گر جاتی ہے۔ اس کے بعد چرنجیوی ایک بڑے برقی مقناطیس کی مدد سے تالاب سے چابی نکالتے ہیں۔ تاہم چابی کے ساتھ بڑی تعداد میں ہتھیار بھی پانی سے باہر آجاتے ہیں۔چابی کے ساتھ موجود کی چین پر آئی لو یو ڈیڈ لکھا ہوا دکھائی دیتا ہے، جس نے فلم کی کہانی کے حوالے سے شائقین میں مزید تجسس پیداکردیا ہے۔