چندا کوچر اور شوہر کے بیرونی سفر پر امتناع، تلاشی کی نوٹس جاری

   

نئی دہلی ۔ 22 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سی بی آئی نے رشوت ستانی کیس کے تین ملزمین آئی سی آئی سی آئی بینک کی سابق سی ای او چندا کوچر، ان کے شوہر دیپک کوچر اور ویڈیو کون گروپ کے منیجنگ ڈائرکٹر (ایم ڈی) وینو گوپال دھوت کے بیرونی سفر پر امتناع عائد کردیا اور ان کے خلاف لک آؤٹ نوٹس جاری کی گئی ہے۔ عہدیداروں نے کہا کہ ’’ویڈیو کون گروپ کو 1,875 کروڑ روپئے کے قرض کی منظوری میں رشوت ستانی میں مبینہ طور پر ملوث تین افراد چنداکوچر، دیپک اور دھوت کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے ایک ہفتہ بعد ملک سے فرار ہونے سے روکنے کو یقینی بنانے کیلئے بیرونی سفر پر پابندی عائد کرتے ہوئے تلاشی کی نوٹس جاری کی گئی ہے۔ یہ نوٹس ایمیگریشن حکام کے حوالہ کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ملزم کو حراست میں لیتے ہوئے تحقیقاتی ایجنسی کو حوالگی یقینی بنائی جائے۔