چندرائن گٹہ فلائی اوور ‘ جلد ہی عوام کیلئے کھول دیا جائیگا

   

تعمیراتی کام مکمل ۔ علاقہ میں ٹریفک کے مسائل کی یکسوئی کی امید

حیدرآباد 18 اگسٹ(سیاست نیوز) چندرائن گٹہ فلائی اوور جلد ہی عوام کیلئے کھول دیا جائے گا۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ذرائع کے مطابق چندرائن گٹہ فلائی اوور کو عوام کیلئیجلد کھول دینے کی تیاری کی جا رہی ہے اور تعمیراتی کام مکمل کرلئے گئے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ آئندہ دو یوم میں نئے برج کو جسے چندرائن گٹہ فلائی اووربرج سے مربوط کرکے اس کی طوالت میں اضافہ کیا گیا ہے تجرباتی اساس پر گاڑیوں کی آمد و رفت کو یقینی بنانے کے بعد برج کو عوام کیلئے کھولنے کی تاریخ کا فیصلہ کیا جائے گا۔ چندرائن گٹہ فلائی اوور سے مربوط کرکے نئے برج کی تعمیر کے بعد حافظ بابا نگر سے بندلہ گوڑہ جانے والی ٹریفک کے مسائل حل ہوجائیں گے۔ نئے برج کو عوام کیلئے کھولنے کے بعد یہ فلائی اوور ایک کیلو میٹر طویل برج میں تبدیل ہوجائیگا اور اس پر گذرنے والے مسافرین کو دو چوراہوں پر سگنل کے مسائل سے نجات ملے گی ۔ بغیرکسی رکاوٹ کے ایک کیلو میٹر مسافت چند منٹ میں طئے کرلی جائیگی۔ ایس آر ڈی پی 2017-18 کے تحت دوسرے مرحلہ میں 40کروڑ کی لاگت سے جو تعمیرات مکمل کئے گئے ہیں ان سے عوام جلد استفادہ کرپائیں گے ۔ چندرائن گٹہ فلائی اوور برج کے نچلے حصہ میں جہاں کھلی جگہ ہے ان مقامات پر خوبصورت باغبانی کرکے ان علاقوں کو محفوظ کرنے اقدامات کئے گئے ہیں تاکہ برج کے نیچے سے گذرنے والوں کو خوبصورت نظارہ حاصل ہوسکے۔ بلدیہ حیدرآباد سے برج کی دونوں جانب کمانوں کی تنصیب کے ذریعہ راہداریوں کی تفصیلات بھی فراہم کی جا رہی ہے ۔ فلائی اوور کو عوام کیلئے کھول دیئے جانے کے بعد حافظ بابا نگر سے بندلہ گوڑہ اور بندلہ گوڑہ سے حافظ بابا نگر اور کنچن باغ جانے والی ٹریفک کو راحت ملے گی۔ٹریفک مسائل کے حل کیلئے جی ایچ ایم سی کے منصوبہ پر عمل کو یقینی بناکر ایس آر ڈی پی کے تحت جاری کاموں کو تیز کئے جانے کے بعد پرانے شہر میں یہ چوتھا پراجکٹ ہوگا جو مکمل کرلیا گیا ہے اور اس کے علاوہ کئی پراجکٹس پرانے شہر کے بیشتر علاقوں میں زیر تکمیل ہیں جنہیں جلد مکمل کرنے اعلیٰ حکام نے زونل کمشنراں کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ م