چندرائن گٹہ میں اراضی تنازعہ ، ایک شخص پر حملہ

   

حیدرآباد ۔ /4 جنوری (سیاست نیوز) شہر میں آئے دن قتل کی وارداتیں بڑھتی جارہی ہیں اور جرائم کا چلن عام ہوتا جارہا ہے ۔ جس کے نتیجہ میں عوام میں تشویش کی لہر دیکھی جارہی ہے ۔ تازہ ترین واقعہ جمعرات کی شب اس وقت پیش آیا جب اراضی تنازعہ کو لیکر ایک واچ مین پر قاتلانہ حملہ کیا گیا ۔ اس حملہ میں تیز دھار ہتھیار کا بھی استعمال کیا گیا جس کی وجہ سے ایک پرائیویٹ سکیورٹی گارڈ محمد عامر پر بعض افراد نے حملہ کرکے اسے زخمی کردیا ۔ زخمی واچ مین کو پہلے دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا گیا اور بعد ازاں اسے ایک کارپوریٹ دواخانہ میں علاج کیلئے شریک کیا گیا ۔ واضح رہے کہ گزشتہ چند دنوں سے علاقے چندائن گٹہ بنڈلہ گوڑ ہ میں شہر کے دوسرے رئیل اسٹیٹ گروپس کے بیچ سینکڑوں ایکر اراضی کو لیکر تنازعہ چل رہا ہے اور مذکورہ واقعہ اس کڑی کا حصہ بتایا جاتا ہے ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس فلک نما مسٹر ایم اے رشید نے بتایا کہ چندرائن گٹہ پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے ۔