چندرابابو نائیڈو کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔/9 اگسٹ، ( سیاست نیوز) صدر تلگودیشم اور آندھرا پردیش کے سابق چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے خلاف ناقابل ضمانت دفعات کے تحت مقدمات درج کئے گئے۔ انمیا ضلع میں حالیہ تشدد کے واقعات پر چندرا بابو نائیڈو اور 20 دیگر تلگودیشم قائدین کے خلاف اقدام قتل، لوٹ مار اور مجرمانہ سازش جیسے الزامات کے تحت مقدمات درج کئے گئے۔ مودیویڈو پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی ایف آئی آر میں چندرا بابو نائیڈو کو ملزم نمبر 1 قرار دیا گیا ہے۔ دیگر قائدین میں سابق وزیر ڈی اوما، امرناتھ ریڈی، رکن اسمبلی رام گوپال ریڈی، ایل کشور، ڈی رمیش، جی نرہری اور دوسروں کو ملزم بنایا گیا ہے۔ تلگودیشم قائدین کے خلاف آئی پی سی کی دفعات 120B، 147، 148 ، 153، 307 ، 115 ، 109 ، 323 ، 324، 506 اور 149 کے تحت مقدمات درج کئے گئے۔ واضح رہے کہ 4 اگسٹ کو چندرا بابو نائیڈو کے دورہ کے موقع پر تلگودیشم اور وائی ایس آر کانگریس کارکنوں کے درمیان جھڑپ ہوئی تھی، تشدد اور پتھراؤ میں 50 سے زائد پولیس ملازمین زخمی ہوئے تھے۔