چندرایان ۔ 2 کی کامیاب تنصیب پر سیاسی قائدین کی مبارکبادیں

   

نئی دہلی ۔22 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ ہند رامناتھ کووند ، نائب صدرجمہوریہ وینکیا نائیڈو ، وزیراعظم نریندر مودی اور پارٹی خطوط سے بالاتر ہوکر تمام اپوزیشن قائدین نے سری ہری کوٹہ سے ہندوستان کے دوسری قمری مہم چندرایان ۔ 2 کی خلا میں داغے جانے کی ستائش کی ۔ ان قائدین نے اسرو کے سائنسدانوں اور انجینئروں کو اس تاریخی کارنامہ کی مبارکباد دی اور کہاکہ یہ تمام ہندوستانیوں کیلئے ایک قابل فخر موقع ہے ۔ توقع ہے کہ یہ مہم نئی دریافتوں کی راہ کھولے گی اور ہندوستان کی نظاموں کے بارے میں معلومات میں اضافہ کرے گی ۔ صدرجمہوریہ ہند رامناتھ کووند نے اپنے پیغام میں یہ بات کہی ۔ قبل ازیں سلسلہ وار ٹوئٹر پیغاموں میں مودی نے کہاکہ آج ہر ہندوستانی کا سر فخر سے اونچا ہوگیا ۔انھوں نے چندرایان۔ 2 کے داغنے کیلئے استعمال شدہ دیسی ساختہ نظام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہر ہندوستانی کا دل ہندوستانیت کے جذبہ سے بھرپور ہے ۔ چندرایان ۔ 2 جیسی مہمات سے نوجوانوں کی سائنسی رجحانات کی حوصلہ افزائی ہوگی ۔ اعلیٰ معیاری تحقیقات اور ایجادات کا سلسلہ شروع ہوگا ۔ اسرو کو مبارکباد دینے والوں میں صدر بی جے پی ، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ بھی شامل تھے جنھوں نے کہاکہ یہ خلائی ٹکنالوجی میں ایک نیا سنگ میل ہے ۔ پوری قوم اسرو کے سائنسدانوں کی شکرگذار ہے اور اُن پر فخر کرتی ہے ۔ کانگریس نے اسرو کی ٹیم کی جانب سے چندرایان۔ 2 کی کامیاب تنصیب پر دعویٰ کیا کہ اس کامیابی کا سہرا ہندوستان کے سر باندھا جاسکتا ہے کیونکہ اس نے خلائی سراغ رسانی میں کارنامہ انجام دیئے ہیں۔ وزیراعظم کا بھی ان کارناموں میں حصہ ہے ۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ نے چندرایان ۔ 2 کو 2008 ء کی ایک حقیقت قرار دیا۔ کانگریس نے کہاکہ مقدر پر ہندوستان کا یقین اب بھی جاری ہے ۔
رندیپ سنگھ سرجیوالا نے کہاکہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ہندوستانی ایک عظیم قوم ہیں۔ کانگریس قائد آنند شرما نے ایک دن پہلے ہی اسرو کی تعریف کی تھی ۔ وزیردفاع راجناتھ سنگھ اور اُن کے ساتھیوں نے کہاکہ اسرو نے تاریخ ہند کا ایک نیا باب تحریر کیا ہے ۔ بی جے پی کے کارگذار صدر جے پی نڈا ، سابق صدر جمہوریہ پرنب مکرجی اور پارٹی خطوط سے بالاتر ہوکر تمام اپوزیشن قائدین نے اسرو کے اس کارنامے کی تعریف کی ۔ اس مہم پر ہندوستان نے 978 کروڑ روپئے خرچ کئے ہیںلیکن اس سے خلائی تحقیق میں ہندوستان میں ایک زبردست چھلانگ لگائی ہے۔ وہ دنیا کا چوتھا ملک بن گیا ہے جو چاند پر روور اُتارے گا ۔

چندریان۔2 کی کامیابی پر راجیہ سبھا کی مبارک باد
نئی دہلی22جولائی (سیاست ڈاٹ کام )راجیہ سبھا نے چندریان۔2 کے کامیابی کے ساتھ خلا میں بھیجنے پر ہندوستانی خلائی تحقیقی تنظیم (اسرو)اور اس کے سائنسدانوں کو مبارک باد دی ہے ۔راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے تحفظ انسانی حقوق (ترمیمی) بل 2019 پر ہنگامہ کے درمیان چل رہی بحث کے دوران چندریان۔2 کے کامیابی کے ساتھ خلا پر بھیجنے کی اطلاع اراکین پارلیمان کو دی۔ انہوںنے ایوان کی جانب سے اسرو اور اس کے سائنسدانوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ خوشی کے لمحات ہیں۔ جی آرایس ایل وی ایم کے ۔3 راکٹ کے ذریعہ اسے خلا میں بھیجا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ملک میں تیار کردہ چندریان۔2 کچھ ہفتہ میں چاند پر اترے گا اور چاند کی سطح کی اطلاع دے گا۔چند سال پہلے چندریان۔1 کو بھیجا گیا تھا۔ اراکین پارلیمان نے میزیں تھپتھپا کر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔