انتخابی مفاہمت کو قطعیت، 3 لوک سبھا اور 30 اسمبلی حلقوں پر جنا سینا کا مقابلہ
حیدرآباد۔/4 فروری، ( سیاست نیوز) صدر تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو اور جنا سینا کے سربراہ پون کلیان کے درمیان آج تقریباً 3 گھنٹے طویل ملاقات میں لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں نشستوں پر مفاہمت پر اتفاق رائے ہوا۔ امراوتی میں چندرا بابو نائیڈو کی قیامگاہ پر یہ ملاقات انتخابی حکمت عملی کے اعتبار سے غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چندرا بابو نائیڈو نے جنا سینا کیلئے لوک سبھا کی 3 اور اسمبلی کی 30 نشستیں چھوڑنے سے اتفاق کرلیا ہے۔ حلقہ جات کی فہرست بعد میں جاری کی جائے گی۔ اتوار کے باوجود آندھرا پردیش میں انتخابی سرگرمیاں عروج پر رہیں۔ اطلاعات کے مطابق دونوں قائدین نے اپنے کسی معاون کے بغیر بات چیت کی جس میں جگن موہن ریڈی حکومت کو شکست دینے کیلئے مشترکہ حکمت عملی طئے کی گئی۔ پون کلیان نے جنا سینا کی جانب سے مقابلہ کی نشستوں کی فہرست حوالے کی جس پر چندرا بابو نائیڈو نے پارٹی قائدین سے مشاورت کے بعد جواب دینے کا تیقن دیا۔ پون کلیان نے لوک سبھا کی تینوں نشستوں کیلئے اپنے امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دے دی ہے۔ دونوں قائدین گذشتہ چار دنوں تک حیدرآباد میں رہے اور اپنی اپنی پارٹی کے قائدین کے ساتھ امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دی۔ جن نشستوں پر جنا سینا مقابلہ کرے گی وہاں کے تلگودیشم قائدین کو منانے کی ذمہ داری چندرا بابو نائیڈو نے سینئر قائدین کو دی ہے۔ دونوں قائدین نے مشترکہ انتخابی مہم سے اتفاق کیا ہے۔1