پارٹی کے لیے محنت کا صلہ ضرور ملے گا، صرف دولت سے کامیابی ممکن نہیں، یوتھ کانگریس کارکنوں سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔14۔فروری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو اور کے سی آر دونوں یوتھ کانگریس سے سیاست میں ترقی کی ہے۔ ان دونوں قائدین کے علاوہ کئی سرکردہ قائدین کے سیاسی سفر کا یوتھ کانگریس سے آغاز ہوا ہے۔ یوتھ کانگریس کی طاقت کی یہ مثال ہے کہ کئی اہم شخصیتوں نے یوتھ کانگریس کے ذریعہ سیاست میں ترقی کی منزلیں طئے کی ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی آج گاندھی بھون میں تلنگانہ یوتھ کانگریس کے صدر اور دیگر عہدیداروں کے جائزہ حاصل کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ کانگریس دراصل کانگریس پارٹی کی ایک طاقت ہے اور ہم جیسے قائدین اچھی طرح جانتے ہیں کہ یوتھ کانگریس کی طاقت کیا ہے۔ تلنگانہ یوتھ کانگریس کے صدر جی شیو چرن ریڈی اور نائب صدر این وینکٹیش نے آج اپنے عہدہ کی ذمہ داری سنبھالی ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے علاوہ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور ریاستی وزراء اس موقع پر موجود تھے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پارٹی میں محنت اور مشقت کے ساتھ کام کرنے والوں کی شناخت کی جاتی ہے اور انہیں اہم ذمہ داری ملتی ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں انیل یادو اور بی وینکٹ کی مثال پیش کی جنہیں رکن راجیہ سبھا اور ایم ایل سی کے عہدوں پر فائز کیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پارٹی کیلئے محنت کرنے والوں کی خدمات کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پارٹی اور حکومت میں عہدوں سے محرومی کے سبب بعض قائدین مایوس ہیں۔ انہیں جاننا چاہئے کہ مناسب وقت پر مواقع حاصل ہوں گے۔ عہدوں کیلئے دوڑ دھوپ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملک میں کسی بھی ریاست نے تلنگانہ کی طرح کسانوں کے قرض معاف نہیں کئے۔ انتخابی وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے ایک سال میں 55 ہزار سرکاری ملازمتوں پر تقررات کئے گئے ۔ خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی گئی۔ بے زمین زرعی مزدوروں کو سالانہ 12 ہزار روپئے کی امداد دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے ڈبل بیڈروم کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا۔ عوام کو کے سی آر نے دھوکہ دیا جس کے نتیجہ میں کانگریس کو اقتدار حاصل ہوا۔ کانگریس حکومت کئی فلاحی اسکیمات پر عمل کر رہی ہے جنہیں عوام تک پہنچانا یوتھ کانگریس کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے یوتھ کانگریس قائدین سے کہا کہ وہ حکومت کی اسکیمات سے عوام کو واقف کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف دولت سے کامیابی حاصل نہیں کی جاسکتی۔ اگر یہ ممکن ہوتا تو کے سی آر اسمبلی کی 100 نشستوں پر کامیابی حاصل کرتے ۔ انہوں نے کانگریس کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ عوام کے درمیان رہ کر ان کے مسائل کی یکسوئی کی مساعی کریں۔ مجالس مقامی کے انتخابات میں کانگریس کے بہتر مظاہرہ کیلئے یوتھ کانگریس کو ابھی سے تیاری کرنی چاہئے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ابھی تک 37 کارپوریشنوں کے صدورنشین کا تقرر کیا گیا جس میں کانگریس کے محاذی تنظیموں کے صدور کو شامل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مجالس مقامی کے انتخابات میں نوجوانوں کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے ۔ کارکنوں کی محنت کے ذریعہ ہی پارٹی کو کامیابی حاصل ہوگی۔ 1