ایل رمنا کے استعفیٰ کے بعد کا جائزہ، آج نائب صدور، جنرل سکریٹریز کا اہم اجلاس
حیدرآباد۔ /10 جولائی، ( سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی کے قومی صدر و سابق چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے آج تلنگانہ تلگودیشم پارٹی کے سینئر قائدین کا اجلاس طلب کیا۔ ایل رمنا کے تلگودیشم سے مستعفی ہونے کے علاوہ تلنگانہ کی تازہ سیاسی صورتحال، تلنگانہ تلگودیشم کے نئے صدر کا انتخاب اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ تلنگانہ میں تلگو دیشم پارٹی کو مستحکم کرنے ریاستی سطح سے ضلعی سطح کی کمیٹیاں تشکیل دینے کا جائزہ لیا گیا۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل سے اب تک ایل رمنا کو تلنگانہ تلگودیشم صدر کے عہدہ پر برقرار رکھنے کے باوجود تلگودیشم قائدین کو پارٹی میں برقرار رکھنے اور پارٹی سے مستعفی ہونے والے قائدین سے بات چیت نہ کرنے اور نہ کوئی اجلاس طلب کرنے کا سخت نوٹ لیا گیا۔ چندرا بابو نائیڈو نے پارٹی قائدین کو تیقن دیا کہ وہ آئندہ تلنگانہ تلگودیشم پارٹی قائدین سے رابطہ میں رہیں گے۔ پارٹی کو مستحکم کرنے کے معاملہ میں مکمل تعاون کریں گے۔ آج کے اجلاس میں تلگودیشم کور کمیٹی کے ارکان پارلیمنٹ ، پارٹی کے صدور بھی شریک تھے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ تلنگانہ تلگودیشم پارٹی صدارت کی دوڑ میں پارٹی کے سینئر قائدین اروند کمار گوڑ، جی نرسمہلو، این نرسا ریڈی شامل ہیں۔ چیف منسٹر نے اتوار کو پارٹی کے نائب صدور، جنرل سکریٹریز کے علاوہ پارٹی کی ذیلی تنظیموں کے صدور کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں پارٹی قائدین سے مشاورت کے بعد تلنگانہ تلگودیشم کے نئے صدر کا اعلان کیا جائے گا۔
