چندرا بابو نائیڈو نے پانی سے گزرکر متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی

   

رات کی تاریکی کے باوجود اناج کے پیاکٹس پہنچائے،امدادی کاموں کی چیف منسٹر کی جانب سے راست نگرانی
حیدرآباد ۔2۔ ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرا بابو نائیڈو نے کل رات دیر گئے تک ضلع کرشنا کے بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور انہیں غذائی اجناس حوالے کئے۔ چندرا بابو نائیڈو اتوار کی دوپہر سے ہی متاثرہ علاقوں کے دورہ کا آغاز کرچکے ہیں۔ پہلے مرحلہ میں انہوں نے کشتی میں سفر کرتے ہوئے وجئے واڑہ کے پانی میں گھرے ہوئے علاقوں کا دورہ کیا اور رات میں غذائی اجناس کے ساتھ متاثرہ خاندانوں کے درمیان پہنچ گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ امدادی ٹیموں کی مدد سے چیف منسٹر نے ہر خاندان کو غذائی اشیاء اور اجناس کے پیاکٹس حوالے کئے۔ تقریباً تین گھنٹوں تک چندرا بابو نائیڈو نے رات کی تاریکی کی پرواہ کئے بغیر متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ۔ وہ ضلع کلکٹرس سے مسلسل ربط میں ہیں اور ضروری ہدایات دے رہے ہیں۔ چندرا بابو نائیڈو نے آج صبح تقریباً 4 گھنٹوں تک وجئے وا ڑہ کے متاثرہ علاقوں کا عہدیداروں کے ساتھ دورہ کیا اور عوام کو یقین دلایا کہ حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد کی جائے گی ۔ چندرا بابو نائیڈو نے گاڑی سے اتر کر پانی کے درمیان طویل فاصلہ طئے کرتے ہوئے متاثرین سے ملاقات کی۔ سیکوریٹی حکام کو چندرا بابو نائیڈو کے دورہ کے موقع پر دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی مقامات پر ناہموار سڑک کے نتیجہ میں چیف منسٹر کو راستہ بدلنے پر مجبور ہونا پڑا۔ چندرا بابو نائیڈو نے وجئے واڑہ کلکٹریٹ میں ریاستی وزراء اور عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کو اناج اور دیگر ضروری اشیاء سربراہ کی جارہی ہے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ زیر آب علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات منتقل کیا جائے اور ضرورت پڑنے پر مزید ریلیف کیمپس قائم کئے جائیں۔ 1