چندرا بابو نائیڈو کا جلوس کی شکل میں این ٹی آر ٹرسٹ بھون تک استقبال

   

ہزاروں حامیوں کی شرکت، نائیڈو نے ’ جئے تلنگانہ ‘ کا نعرہ لگایا

حیدرآباد۔/7 جولائی، ( سیاست نیوز) صدر تلگودیشم اور چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو کا آج پارٹی آفس پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ جوبلی ہلز میں واقع چندرا بابو نائیڈو کی قیامگاہ سے جلوس کا آغاز ہوا اور ہزاروں کی تعداد میں کارکن جوش و خروش کے ساتھ این ٹی آر ٹرسٹ بھون تک شریک رہے۔ چیف منسٹر کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد چندرا بابو نائیڈو پہلی مرتبہ پارٹی آفس پہنچے تھے۔ راستہ میں جگہ جگہ آتشبازی اور سامعہ نوازی کے ذریعہ چندرا بابو نائیڈو کا استقبال کیا گیا۔ سڑک کی دونوں جانب عوام ان کے استقبال میں کھڑے تھے اور چندرا بابو نائیڈو خود بھی عوام کے جوش و خروش کو دیکھ کر بے قابو ہوگئے۔ انہوں نے اپنے روایتی انداز میں وکٹری کا نشان بناتے ہوئے استقبال کا جواب دیا۔ تلگودیشم کارکن ’ جئے تلگودیشم ‘ اور ’ جئے چندرا بابو‘ کے نعرے لگارہے تھے۔ این ٹی آر ٹرسٹ بھون پہنچنے میں چندرا بابو نائیڈو کوکافی وقت لگا اور جلوس کے نتیجہ میں اطراف کے علاقوں میں ٹریفک جام ہوگئی تھی۔ نائیڈو نے تلنگانہ کے پارٹی قائدین سے مشاورت کرتے ہوئے نئے صدر کے انتخاب کا جائزہ لیا۔ چندرا بابو نائیڈو کی قیامگاہ سے لے کر پارٹی آفس تک سڑک کی دونوں جانب پارٹی کے پرچموں سے علاقہ زرد رنگ میں تبدیل ہوچکا تھا۔ نائیڈو نے پارٹی کے سینئر قائدین اور سرگرم کارکنوں کو تصویر کشی کا موقع دیا۔ کارکنوں سے خطاب کے آخر میں چندرا بابو نائیڈو نے ’ جئے ہند، جئے تلگودیشم اور جئے تلنگانہ‘ کا نعرہ لگایا۔1