17 ستمبر تک ریلیف پیاکیج کو قطعیت دینے کا تیقن، پولاورم کیلئے مرکز سے 12000 کروڑ کی امداد
حیدرآباد۔ /11 ستمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے ایلورو میں بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی۔ چندرا بابو نائیڈو نے تیقن دیا کہ کوئی بھی مستحق خاندان حکومت کی امداد سے محروم نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت 17 ستمبر سے قبل متاثرین کو معاوضہ کی ادائیگی کے بارے میں فیصلہ کرے گی۔ فصلوں کو نقصانات پر فی ایکر 10 ہزار روپئے کی امداد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے ضلع کلکٹر اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں سے امدادی کاموں کی تفصیلات حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ مرکز سے امداد کا انتظار کئے بغیر ریاستی حکومت نے متاثرین کی مدد کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بارش اور سیلاب سے نقصانات کو کم کرنے کیلئے ایکشن پلان تیار کیا جائے گا۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ تلگودیشم دور حکومت میں پولاورم پراجکٹ 72 فیصد مکمل کرلیا گیا تھا تاہم وائی ایس جگن موہن ریڈی حکومت نے پراجکٹ کی تکمیل پر توجہ نہیں دی۔ پراجکٹ کی تکمیل کیلئے مرکز سے 12 ہزار کروڑ حاصل کئے گئے ہیں اور پراجکٹ کے باقی کاموں کا عنقریب آغاز ہوگا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ احتیاطی تدابیر میں کوتاہی کے نتیجہ میں سیلاب سے زائد نقصانات ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکام کو چاہیئے کہ وہ احتیاطی تدابیر کے بارے میں عوام کو باشعور بنائیں۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہاکہ نقصانات کی تفصیلات ضلع کلکٹرس سے حاصل ہونے کے بعد حکومت ریلیف پیاکیج کا اعلان کرے گی۔ 1
چندرا بابو نائیڈو نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائدین عوام کی مدد کرنے کے بجائے حکومت پر تنقید میں مصروف ہے۔ عوام نے عدم کارکردگی کے سبب وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو مسترد کردیا ہے۔ چندرا بابو نائیڈو روزانہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے نقصانات کا شخصی طور پر جائزہ لے رہے ہیں تاکہ مرکزی حکومت کو نقصانات پر مبنی تفصیلی رپورٹ پیش کی جاسکے۔1